امریکہ اور برطانیہ نے اپنے شہریوں کو کابل کے ہوٹلوں سے نکل جانے کی دی ہدایت

واشنگٹن – لندن:  امریکا اور برطانیہ نے اپنے شہریوں کو افغانستان میں ہوٹلوں میں قیام کرنے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بالخصوص سرینا ہوٹل یا اس کے قریب قیام پذیر شہری فوری طور پر علاقہ چھوڑ دیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا اور برطانیہ نے افغانستان میں مقیم اپنے شہریوں کے لیے الرٹ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ہوٹلوں کے استعمال سے گریز کریں۔
اس حوالے سے امریکی محکمہ خارجہ نے کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر سرینا ہوٹل یا اس کے قریب و جوار میں موجود اپنے شہریوں کو فوری طور پر علاقہ چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔
اسی طرح برطانیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کابل کے سرینا ہوٹل یا اس کے قریب رہنے والے برطانوی شہری فوری طور پر کہیں اور منتقل ہوجائیں تاہم کسی دوسرے ہوٹل میں بھی جانے سے گریز کریں۔
خیال رہے کہ عالمی سطح پر معروف سرینا ہوٹل پر پہلے بھی دو بار حملہ ہوچکا ہے۔ اس ہوٹل میں زیادہ تر غیرملکی حکام قیام کرتے ہیں اس کے علاوہ یہ ہوٹل تاجروں اور غیر ملکی مہمانوں میں بھی مقبول ہے۔
امریکا اور برطانیہ کی جانب سے یہ ہدایت اس وقت سامنے آئی ہیں جب طالبان کے دوحہ میں امریکا کے ساتھ پہلے دوبدو مذکرات بے نتیجہ ثابت ہوئے اور جمعے کے روز مسجد میں خودکش دھماکے میں 100 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
واضح رہے کہ یہ وہی سرینا ہوٹل ہے جس کی پانچویں منزل پر پاک فوج کے افسران کے ٹھہرنے کی مضحکہ خیز خبر بھارتی اینکر ارنب گوسوامی نے اپنے شو میں اُڑائی تھی حالانکہ ہوٹل صرف دو منزلہ ہے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com