لکھیم پور کھیری پرتشدد واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے شرد پوار نے کہا کہ اس طرح کے واقعات افسوس ناک ہیں۔ اترپردیش حکومت نے اس واقعہ کے چھ دن گزر جانے کے بعد بھی کچھ نہیں کیا۔
ممبئی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے سربراہ شرد پوار نے بدھ کے روز بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی زیر قیادت مرکزی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھگوا پارٹی انتقام کی سیاست میں ملوث ہے۔ انھوں نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا ’’بی جے پی کی زیرقیادت مرکزی حکومت انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ، انکم ٹیکس ڈییارٹمنٹ، سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن، نارکوٹکس کنٹرول بیورو اور ایسی دیگر ایجنسیوں کا ملک بھر میں سیاسی انتقام لینے کے لیے غلط استعمال کر رہی ہے‘‘۔
شرد پوار نے کہا کہ ’’مرکزی حکومت اپنی طاقت کا استعمال کرنے کے لئے نہ صرف قوم پرست کانگریس پارٹی کے رہنماؤں کو نشانہ بنا رہی ہے بلکہ زیادہ تر سینئر سیاستدان اس کے نشانے پر ہیں۔ ایسی چیزیں پہلے کبھی نہیں ہوئیں‘‘۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں نے سیاست میں 54 سال مکمل کرلیے ہیں۔ مرکزی اور ریاستی حکومتوں میں مختلف عہدوں پر کام کیا ہے۔ ہم نے اس طرح بھید بھاؤ والی حکومت کے طور پر کبھی کام نہیں کیا‘‘۔
چار بار مہاراشٹر کے وزیراعلی رہے شرد پوار نے کہا کہ ایجنسی کے افسران مہمانوں کی طرح ہوتے ہیں، انہیں قواعد کے مطابق کام کرنا چاہیے‘‘۔ لکھیم پور کھیری پرتشدد واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات افسوس ناک ہیں۔ اترپردیش حکومت نے اس واقعہ کے چھ دن گزر جانے کے بعد بھی کچھ نہیں کیا۔ سپریم کورٹ کے معاملے کا نوٹس لینے کے بعد ہی حکومت نے کارروائی شروع کی۔ انہوں نے کہا کہ ’’اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کو اس واقعہ کی ذمہ داری لینی چاہیے کیونکہ مجرموں نے کسانوں کو قتل کیا ہے‘‘۔