بہار: تالاب میں ملی 477 لیٹر غیر ملکی شراب، پولیس حیران

بہار کی نتیش حکومت یوں تو مکمل شراب بندی کا دعویٰ کرتی ہے، لیکن روزانہ ریاست کے کئی حصوں سے شراب برآمد کیے جانے کی خبریں سامنے آتی رہتی ہیں۔

مظفر پور: بہار میں ویسے تو حکومت مکمل شراب بندی کا دعویٰ کرتی ہے، لیکن روزانہ ریاست کے کئی حصوں سے شراب برآمد کیے جانے کی خبریں سامنے آتی رہتی ہیں۔ پولیس اور پروڈکٹ ڈیپارٹمنٹ شراب بندی کو نافذ کرنے کے لیے لگاتار کوششیں کر رہا ہے، لیکن شراب مافیا بھی شراب چھپانے کے لیے طرح طرح کی ترکیبیں اختیار کرتے ہیں۔ ایسا ہی ایک معاملہ مظفر پور کے مشہور تھانہ حلقہ میں سامنے آیا جب پولیس نے ایک تالاب سے 477 لیٹر شراب برآمد کی۔ مظفر پور (مشرق) کے پولیس ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ منوج کمار پانڈے نے بدھ کو بتایا کہ پولیس کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ گئوشالہ روڈ میں پانی بھرے ایک تالاب نما گڈھے میں بڑی مقدار میں شراب چھپا کر رکھی گئی ہے۔
اس جانکاری کی بنیاد پر مسہری تھانہ انچارج کی قیادت میں ایک ٹیم تشکیل دے کر چھاپہ ماری کی گئی۔ چھاپہ ماری کے دوران ٹیم نے پانی کے اندر کیچڑ میں چھپا کر رکھی گئی 53 کارٹن یعنی تقریباً 477 لیٹر غیر ملکی شراب برآمد کی گئی۔ انھوں نے بتایا کہ شراب کی بوتلوں کو پلاسٹک کے بورے میں رکھ کر پانی کے نیچے 10 فیٹ کیچڑ میں چھپا کر رکھا گیا تھا۔ مقامی لوگوں کی مدد سے پولیس نے شراب کی بوتلوں کو پانی سے باہر نکالا۔ پانڈے نے کہا کہ شراب اسمگلر کے بارے میں پتہ لگایا جا رہا ہے۔
دوسری طرف مظفر پور ضلع کے سرکٹ ہاؤس کے پاس بھی منگل کی شب پروڈکٹ ڈیپارٹمنٹ نے ایک ٹرک سے 491 کارٹن شراب برآمد کی۔ برآمد شراب کی قیمت تقریباً 50 لاکھ روپے کا اندازہ کیا گیا ہے۔ اس معاملے میں ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پروڈکٹ سپرنٹنڈنٹ سنجے کمار رائے نے بتایا کہ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر رات کو جانچ کے دوران ایک ٹرک سے 491 کارٹن شراب برآمد کی گئی۔ ٹرک سلی گوڑی سے چھپرا جا رہا تھا۔ اس معاملے میں ٹرک ڈرائیور پنجاب کے گرداس پور باشندہ سکھدیو سنگھ کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اس سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔
(بشکریہ قومی آواز)

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com