اتر پردیش کے لکھیم پور کھیری تشدد معاملے میں مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ کو ہٹائے جانے کا مطالبہ لگاتار بڑھتا جا رہا ہے۔ اب بی جے پی لیڈر اور سابق رکن اسمبلی رام اقبال سنگھ نے بھی ان کے خلاف آواز اٹھائی ہے اور لکھیم پور تشدد معاملہ کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ رام اقبال سنگھ نے اجے مشرا کو تشدد واقعہ کا سازش تیار کرنے والا قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی سے گزارش کی ہے کہ انھیں فوراً برخاست کیا جائے۔
اتر پردیش بی جے پی یونٹ کی مجلس عاملہ کے رکن اور سابق رکن اسمبلی اقبال سنگھ نے صحافیوں سے بات چیت کے دوران مرکزی وزیر مملکت اجے مشرا کو لکھیم پور کھیری تشدد واقعہ کا سازشی بتایا۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ واقعہ کے کچھ دن پہلے انھوں نے دھمکی بھرے انداز میں جو بیان دیا تھا، اس نے آگ میں گھی کا کام کیا۔ اقبال سنگھ کا کہنا ہے کہ اجے مشرا کو تو کسانوں سے معافی مانگنی چاہیے تھی لیکن وہ اپنے بیٹے کو بچانے میں لگے ہوئے ہیں۔ انھیں اس پرتشدد واقعہ پر ذرا بھی پچھتاوا نہیں ہے۔
(بشکریہ قومی آواز)