چھتیس گڑھ: درگا پوجا جلوس میں جارہے لوگوں کو گاڑی سے روندنے والے ملزمین گرفتار، وزیر اعلیٰ بگھیل نے اٹھایا سخت قدم

چھتیس گڑھ کے جشپور ضلع واقع پتھل گاؤں میں جمعہ کو درگا پوجا کے ویسرجن جلوس میں جا رہے لوگوں کو تیز رفتار سومو کار سے روندنے کے معاملے میں فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمین کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ دونوں گانجا اسمگلر بتائے جا رہے ہیں۔ اس دردناک واقعہ میں گورو اگروال نامی ایک نوجوان کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ مجموعی طور پر اب تک چار ہلاکتوں کی خبریں سامنے آئی ہیں۔ درجن بھر افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے چار کی حالت سنگین بتائی جا رہی ہے۔
اس واقعہ کے بارے میں چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے کہا کہ جش پور کا اقعہ بہت افسوسناک اور دردناک ہے۔ قصورواروں کو فوراً گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پہلی نظر میں قصوروار نظر آ رہے پولیس افسران پر بھی کارروائی ہوئی ہے۔ جانچ کے حکم صادر کر دیے گئے ہیں، کسی کو بھی بخشا نہیں جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے مہلوکین کے لیے دعائے خیر بھی کی۔
جشپور کے پولیس سپرنٹنڈنٹ وجے اگروال نے بتایا کہ اندھادھند رفتار میں کار چلانے والے ملزم نوجوان اور اس کے ساتھی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ کار سے بڑی مقدار میں گانجا بھی ملا ہے۔ دونوں مدھیہ پردیش کے رہنے والے ہیں اور وہ چھتیس گڑھ سے جا رہے تھے۔ واقعہ کے بارے میں عینی شاہدین کا دعویٰ ہے کہ کار ڈرائیور نے جان بوجھ کر بھیڑ میں تیز رفتار گاڑی دوڑا دی۔ اس حادثہ کا ایک بے حد خوفناک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے۔ دونوں ملزمین کے پکڑے جانے کے بعد ناراض بھیڑ نے کار کو آگ کے حوالے کر دیا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ جو نوجوان کار چلا رہا تھا، وہ پہلے بھی بازار میں لاپروائی سے ڈرائیونگ کرتا تھا اور اسے لے کر کئی بار لوگوں نے اسے ٹوکا بھی تھا۔
بتایا گیا ہے کہ پتھل گاؤں میں دوپہر تقریباً ڈیڑھ بجے درگا پوجا کا ویسرجن جلوس گاجے باجے کے ساتھ نکل رہا تھا۔ اسی درمیان میرون رنگ کی ایک سومو تقریباً 100 سے 120 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے بھیڑ پر چڑھ گئی۔ رفتار اتنی تیز تھی کہ کار کے سامنے آئے لوگ فٹ بال کی طرح دور جا گرے۔ کچلے گئے لوگوں میں 21 سالہ گورو اگروال نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ اس واقعہ کے بعد مقامی لوگوں کا غصہ پھوٹ پڑا۔ انھوں نے حادثے میں مہلوک نوجوان کی لاش کے ساتھ پتھل گاؤں قصبے سے گزرنے والے گملا-کٹنی ہائیوے کو جام کر دیا۔ بعد میں پولیس کے سمجھانے پر وہ پرسکون ہوئے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com