جشپور حادثہ: وزیر اعلیٰ بگھیل نے مہلوکین کے کنبہ کو 50 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا کیا اعلان

چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے وجے دشمی کے دن جشپور ضلع کے پتھل گاؤں علاقہ میں جلوس پر گاڑی چڑھائے جانے کے حادثہ میں جان گنوانے والے شخص گورو اگروال کے کنبہ کو 50 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ حادثہ کے فوراً بعد کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے دونوں ملزمین کو گرفتار کر لیا تھا۔

واضح رہے کہ پتھل گاؤں علاقہ میں وجے دشمی کے دن دوپہر تقریباً ایک بجے بھکت درگا ویسرجن کرنے سڑک پر جشن مناتے ہوئے چل رہے تھے۔ تبھی ایک تیز رفتار گاڑی کے ڈرائیور نے گاڑی بھکتوں پر چڑھا دی۔ اس واقعہ میں گورو اگروال کی موت ہو گئی، جب کہ کئی دیگر زخمی ہو گئے۔

اس تعلق سے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمین کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ دونوں گانجہ اسمگلر بتائے جا رہے ہیں۔ 21 سالہ ملزم ببلو وشوکرما بیڈھن کا باشندہ بتایا جا رہا ہے، جب کہ دوسرا ملزم ششو پال ساہو برگوام سنگھرولی کا باشندہ ہے۔

جشپور پولیس سپرنٹنڈنٹ وجے اگروال نے حادثہ کے بعد بتایا تھا کہ اندھا دھند رفتار میں کار چلانے والے ملزم نوجوان اور اس کے ساتھی کو گرفتار کر لیا گیا۔ کار سے بڑی مقدار میں گانجہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ دونوں مدھیہ پردیش کے رہنے والے ہیں اور وہ چھتیس گڑھ سے جا رہے تھے۔ اس واقعہ میں ایک شخص کی موت ہو گئی جب کہ 16 دیگر زخمی ہو گئے۔ ان میں دو لوگوں کو ایکسرے میں فریکچر کا پتہ چلا ہے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com