نئی دہلی: کیرلا میں گزشتہ کئی دنوں سے ہو رہی تیز بارش کا قہر تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ مسلسل بارش سے کئی اضلاع میں سیلاب آگیا ہے۔ بارش کا سب سے زیادہ اثر ایڈوکی میں دیکھنے کو مل رہا ہے۔ تیز بارش کی وجہ سے ایڈوکی باندھ کے پانی کی سطح میں بھی کافی اضافہ ہوگیا ہے۔ بارش کے سبب ایڈوکی میں ایک خاتون کی موت کی خبر سامنے آئی ہے۔ اس درمیان آئی ایم ڈی نے کیرلا کے پانچ اضلاع میں بھاری بارش کی وارننگ جاری کرتے ہوئے ریڈ الرٹ جاری کردیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے جنوبی ریاست کیرلا کے سات اضلاع کے لئے اورینج الرٹ اور ریاست کے دو اضلاع کے لئے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے افسران نے بتایا کہ ایڈوکی ضلع مولا مٹم میں ایک خاتون مردہ پائی گئی۔ افسران کی مانیں تو خاتون کار میں بیٹھی تھی اور تیز بارش کے سبب وہ کار کے ساتھ ڈیڑھ کلو میٹر تک پانی میں بہہ گئی۔ بارش کی وجہ سے لینڈ سلائیڈ تیز بارش کے سبب ایڈوکی میں کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈ کی بھی خبریں سامنے آئی ہیں۔ اس کے علاوہ کوٹائم ضلع کے کوٹیکل میں 12 لوگوں کو لاپتہ ہونے کی بھی خبر ہے۔ لینڈ سلائیڈ کی وجہ سے کئی علاقے شہر سے الگ تھلگ ہوگئے ہیں۔ افسران نے بتایا کہ لینڈ سلائیڈ ہونے کی وجہ سے پولیس اور فائر بریگیڈ ملازمین بھی سیلاب متاثرہ علاقوں میں نہیں پہنچ پا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے ہائی الرٹ کا اعلان کیا وزیر اعلیٰ پنارائی وجین نے 24 گھنٹے کے لئے ہائی الرٹ کا اعلان کیا ہے۔ وہیں مڈھان متھیٹا، کوٹائم، ارناکلم، ایڈوکی اور تریشور ضلع کے لئے محکمہ موسمیات کی طرف سے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ریاست کے جنوب اور وسط ضلع پہلے ہی بارش کی چپیٹ میں ہیں، لیکن محکمہ موسمیات کا اندازہ ہے کہ پیر تک ریاست کے شمالی اضلاع میں بھی تیز بارش شروع ہوسکتی ہے۔