آرین خان کی حمایت میں سپریم کورٹ پہنچے شیو سینا لیڈر، این سی بی کے کردار کی جانچ کرانے کا بھی مطالبہ

شیو سینا لیڈر کشور تیواری نے چیف جسٹس این وی رمنا سے اس معاملہ میں از خود نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس معاملہ میں گرفتار شدہ آرین خان کے بنیادی حقوق کی حفاظت کی جانی چاہیے۔

ممبئی: بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے سے وابستہ کروز ڈگرس پارٹی کا معاملہ سپریم کورٹ تک پہنچ گیا ہے۔ شیو سینا کے لیڈر کشور تیواری نے سپریم کورٹ میں درخواست پیش کرتے ہوئے آرین خان اور دیگر ملزمان کے بنیادی حقوق کا حوالہ پیش کیا ہے۔
شیو سینا لیڈر کشور تیواری نے چیف جسٹس این وی رمنا سے اس معاملہ میں از خود نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس معاملہ میں گرفتار شدہ آرین خان کے بنیادی حقوق کی حفاظت کی جانی چاہیے۔ شیو سینا لیڈر نے اپنی درخواست میں مزید کہا کہ ڈرگس کے معاملہ میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے کردار کی بھی تفتیش ہونی چاہئے۔ درخواست میں اس معاملہ کی عدالت کے ذریعے جانچ کرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ آرین خان فی الحال آرتھر روڈ جیل میں قید ہیں۔ ان کے وکلا نے ممبئی کی سیشن عدالت میں درخواست ضمانت پیش کی ہے، جس پر سماعت ہو چکی ہے۔ عدالت اپنا فیصلہ 20 اکتوبر کو سنانے والی ہے۔
اس معاملہ میں آرین خان کے علاوہ من من دھیچا، ارباز مرچنٹ، نوپر ساریکا، اسمیت سنگھ، موہک جایسوال، وکرانت چھوکر اور گومت چوپڑہ کو گرفتار کیا گیا تھا۔ ان کے خلاف این ڈی پی ایس قانون کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔
آرین خان پر الزام ہے کہ وہ ڈرگس کا استعمال کرتے ہیں اور منشیات فروخت کرنے والے گروہ کا حصہ ہیں۔ این سی بی کے مطابق آرین ڈرگس پارٹی میں اپنے دوست ارباز مرچنٹ کے ساتھ ڈرگس لینے والے تھے۔ ارباز کے پاس سے 6 ملی گرام نشیلی اشیا برآمد ہوئی ہے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com