اے ڈی ایم جنوب مشرقی دہلی پی آر ترپاٹھی نے وژن 2026 کا بھوک سے آزادی منصوبہ کا افتتاح کیا

 اس ‘کمیونٹی کچن’ کے ذریعے روزانہ 3 ہزار غریبوں تک تیار کھانا تقسیم کیا جائے گا
نئی دہلی : (پریس ریلیز ) اے ڈی ایم جنوب مشرقی دہلی پی آر ترپاٹھی نے آج کنچن کنج میں منعقد ایک پر وقار تقریب میں وژن 2026 کا بھوک سے آزادی منصوبہ ‘ کمیونٹی کچن ‘ کا افتتاح کیا ۔ ہیومن ویلفیرفاونڈیشن نے وژن 2026 کے تحت بھوک سے نمٹنے کے لیے بڑے پیمانے پر ‘ہنگر ریلیف پروجیکٹ ” کی شروعات کی ہے ۔ اس کے ذریعے 3 ہزار غریبوں تک تیار کھانا تقسیم کیا جائے گا۔
اے ڈی ایم جنوب مشرقی دہلی پی آر ترپاٹھی نے کہا کہ یاد رکھیں بھوک کا کوئی مذہب نہیں ہوتا بھوک سے سیکولر کوئی چیز نہیں ہے ۔ انہوں نے فاونڈیشن کے اس قدم کو اہم اور ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ ضلع انتظامیہ آپ کی اس کوشش میں ہر سطح پرآپ کے ساتھ ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہیومن ویلفر فاونڈیشن کی خدمات ہم تک پہونچتی رہتی ہیں ہمیں خوشی ہے کہ ایسے کام کرنے والے ادارے ہمارے ضلع میں کام کر رہے ہیں اور وژن 2026 کے تحت چلنے والے الشفا ہاسپٹل نے کرونا کے ایام میں بہت بہتر خدمات دیں۔
واضح ہو کہ بھوک کے عالمی انڈیکس کی حالیہ رپورٹ کے مطابق ہندوستان 116 ممالک کی فہرست میں عالمی سطح پر 101 نمبر پر پہونچ گیا ہے اور ہندوستان ان 31 ممالک میں شامل ہے جہاں بھوک انتہائی تشویشناک صورت حال اختیار کر گئی ہے۔
فاونڈیشن نے سروے میں پایا کہ کرونا کے سبب لاک ڈاون کی پا بندیوں نے بڑے پیمانے پر لوگوں کو بے روزگار کر دیا ہے ، زیادہ تر لوگوں کی نوکریاں ختم ہوگئیں ، لاک ڈاون اتنا طویل ہوا جس کی وجہ سے لوگ اپنی جمع پونجی بھی نہ بچا سکے اور وقت نے انہیں مشکلات میں لا کھڑا کیا ایسے وقت میں فاونڈیشن نے طے کیا کہ معاشرے میں بھوک کے خاتمے کے لیے مستقل اورمنظم کام شروع کیا جائے ۔

اس پروجیکٹ کے تحت دہلی کی غریب بستیوں اوران کے اطراف میں جہاں پردیسی مزدور رہتے ہیں اوررات دن محنت کرکے اپنی دو وقت کی روٹی کا مشکل سےانتظام کر پاتے ہیں ان مقامات پرتیار کھانا تقسیم کیا جائے گا ۔ پروگرام میں ہیومن ویلفیر فاونڈیشن کے ٹرسٹی ڈاکٹر حسن رضا ، فاونڈیشن کے سی ای او پی کے نوفل ، وژن 2026 کے ایجوکیشن مینیجر سلیم اللہ خان ، ہنگر ریلیف پروجیکٹ کے ذمہ دار محمد اسلام سمیت بڑی تعداد میں معززین شہر نے شرکت کی ۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com