نئی دہلی:عرب میں کورونا کے رہنما خطوط میں نرمی خاص طور سے سماجی دوری اور کھلی جگہ میں ماسک نہ لگانے کی رعایت کے بعد ہندوستان میں بھی حج کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ حج امور کے وزیر مختار عباس نقوی نے نیوز 18 سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ 22 اکتوبر کو حج کا جائزہ اجلاس منعقد ہوگا ، جس میں سعودی عرب کے ساتھ بات چیت سے لے کر حج کمیٹی آف انڈیا تک تمام امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزارت اور حج سے متعلقہ عہدیدار موجود ہوں گے۔ مختار عباس نقوی نے کہا کہ وہ نومبر کے پہلے ہفتے میں حج 2022 شروع کرنے کی کوشش کریں گے۔ مختار عباس نقوی نے حج کمیٹی آف انڈیا کی تشکیل نو کو لے کر کہا کہ حج کمیٹی آف انڈیا میں سی ای او اور افسران موجود ہیں کوئی کام نہیں رکے گا۔ غور طلب ہے کہ حج کمیٹی آف انڈیا میں فی الحال افسروں کے ذریعے کام چل رہا ہے۔ کمیٹی کے اراکین کی مدت کار ختم ہو چکی ہے جس کی وجہ سے حج کمیٹی آف انڈیا کا کوئی چیرمین ابھی نہیں ہے ۔ جس کی وجہ سے حج کی تیاری کو لے کر سوال بنا ہوا ہے۔
اس کے علاوہ ایک بڑی مشکل یہ بھی ہے کہ سعودی عرب نے 9 ممالک کے ساتھ ساتھ ہندوستان کو سعودی عرب براہ راست فلائٹ سے باہر کر رکھا ہے ہندوستان سے سعودی عرب اپنے ویزا پر جانے والے لوگوں کے لئے بھی کسی دوسرے ملک میں قرنطینہ رہنا ضروری ہے۔ اسی طریقے سے اگر کوئی ہندوستان سے سعودی عرب عمرہ کیلئے جانا چاہتا ہے تو اس کے لیے بھی قرنطینہ کی مدت پوری کرنا ضروری قرار دیا گیا ہے۔
تاہم حال ہی میں سعودی عرب نے کورونا وبا کی وجہ سے عائد کی گئی پابندیوں میں نرمی کی ہے اور حال ہی میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں میں کندھے سے کندھا ملا کر نماز ادا کی گئی ہے سماجی دوری کے لیے لگائے گئے لیبل اور اسٹیکر ہٹا دیے گئے ہیں ۔