پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے چیئرمین او ایم اے سلام نے بنگلہ دیش میں ہندو برادری کے لوگوں اور ان کی عبادتگاہوں پر حملے کی مذمت کی ہے۔
نئی دہلی: (پریس ریلیز) او ایم اے سلام نے کہا کہ ہمارے پڑوسی ملک سے آ رہی اموات اور تباہی کی خبریں انتہائی پریشان کن اور افسوسناک ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ قانون کو اپنے ہاتھ میں لیتے ہیں اور کچھ غیر تصدیق شدہ الزامات کی بنیاد پر دیگر اقوام کے بے قصور افراد کو نشانہ بناتے ہیں وہ ایک مہذب معاشرے کے لئے خطرہ ہیں۔ اس قسم کے لوگوں کو قابو کرنا چاہئے اور انہیں سخت سزا دی جانی چاہئے تاکہ وہ دوسروں کے لئے عبرت ہو سکیں۔
او ایم اے سلام نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق اور آزادیوں سے کسی بھی حال میں سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، اور کسی بھی معاشرے میں قانون کی حکمرانی کو پرکھنے کا یہی پیمانہ ہوتا ہے۔ شیخ حسینہ کا یہ کہنا کہ بنگلہ دیش میں ہندووں پر حملے کا تعلق بھارت میں مسلمانوں پر ہو رہے مظالم سے ہے، یہ ناقابل قبول بات ہے۔ شیخ حسینہ نے اپنے حالیہ بیان میں اقلیتوں کو ملک میں برابر کا شہری قرار دیا ہے، تو انہیں اسے عملی طورپر ثابت کرنا ہوگا اور ملک میں ہندو برادری کے تحفظ اور امن کو یقینی بنانا ہوگا ۔