پرینکا گاندھی نے کہا کہ ہر روز جب آپ مہنگا پٹرول و ڈیزل خریدیں تب یاد رکھیے کہ مودی حکومت پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس سے 23 لاکھ کروڑ روپے کما چکی ہے۔
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ایک بار پھر پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں کو لے کر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کر کے کہا ہے کہ ہر روز جب آپ مہنگا پٹرول-ڈیزل خریدیں تب یاد رکھیے کہ مودی حکومت پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس سے 23 لاکھ کروڑ روپے کما چکی ہے۔ ہر روز جب مہنگا تیل اور سبزی خریدیں تب یاد رکھیے کہ اس حکومت میں 97 فیصد کنبوں کی آمدنی گھٹ گئی، لیکن خبروں کے مطابق مودی جی کے کھرب پتی دوست ہر روز 1000 کروڑ روپے کماتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ جمعرات کو کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بھی پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں کو لے کر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ انھوں نے الزام عائد کیا تھا کہ ملک کے عوام کے ساتھ گھناؤنا مذاق چل رہا ہے۔ انھوں نے کہا تھا کہ ’’مرکزی حکومت ہماری عوام کے ساتھ گھناؤنا مذاق کر رہی ہے۔‘‘
واضح رہے کہ پٹرول-ڈیزل کی قیمتوں میں لگاتار اضافہ جاری ہے۔ دہلی میں جمعہ کو ایک بار پھر پٹرول و ڈیزل دونوں 35-35 پیسے فی لیٹر مہنگا ہو گیا۔ دہلی میں پٹرول 106.89 روپے اور ڈیزل 95.62 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے۔ ممبئی میں پٹرول کی قیمت اب 112.78 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے جب کہ ڈیزل 103-63 روپے فی لیٹر ہے۔ وہیں کولکاتا اور چنئی میں پٹرول کی قیمت بالترتیب 107.45 روپے فی لیٹر اور 103.92 روپے فی لیٹر ہے۔ ڈیزل کی قیمت 98.73 روپے فی لیٹر اور 99.92 روپے فی لیٹر ہے۔
(بشکریہ قومی آواز)