پپو یادو نے کہا کہ ان کی پارٹی نے بہار ضمنی انتخاب میں کانگریس کو حمایت دینے کا فیصلہ لیا ہے، انھوں نے کہا کہ پارتی کے سبھی لیڈران ابھی سے تاراپور اور کشیشور استھان میں انتخابی تشہیر میں لگ جائیں گے۔
بہار میں اسمبلی کی دو سیٹ پر ضمنی انتخاب سے ٹھیک پہلے جمعہ کو جن ادھیکار پارٹی (جاپ) کے قومی صدر اور سابق رکن پارلیمنٹ پپو یادو نے کانگریس کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ اس سے پہلے بہار ریاستی کانگریس صدر مدن موہن جھا نے جمعرات کو پپو یادو کو خط لکھ کر حمایت کا مطالبہ کیا تھا۔ پٹنہ میں اس کا اعلان کرتے ہوئے پپو یادو نے کہا کہ کانگریس بہار کو بچانے کی لڑائی لڑ رہی ہے۔ کسانوں اور مزدوروں کی لڑائی لڑ رہی ہے۔ اس وجہ سے بہار کو بچانے کے لیے انھوں نے ضمنی انتخاب میں کانگریس پارٹی کو حمایت دینے کا فیصلہ لیا ہے۔ پپو یادو نے کہا کہ ضمنی انتخاب میں کانگریس مہاگٹھ بندھن سے الگ ہو کر پوری طاقت کے ساتھ لڑ رہی ہے۔
پپو یادو نے بتایا کہ جاپ کی قومی کمیٹی کی جمعہ کو میٹنگ ہوئی، جس میں اتفاق رائے سے تاراپور اور کشیشور استھان اسمبلی ضمنی انتخاب میں کانگریس امیدوار کے حق میں حمایت دینے کا فیصلہ لیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ پارٹی کے سبھی لیڈر ابھی سے تاراپور اور کشیشور استھان میں انتخابی تشہیر میں لگ جائیں گے۔ پپو یادو بھی 26، 27 اور 28 اکتوبر کو دونوں اسمبلی میں انتخابی تشہیر کریں گے۔
جاپ لیڈر نے اپوزیشن (آر جے ڈی) پر ناکارہ ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کبھی سڑکوں پر نہیں اترتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کا بی جے پی سے داخلی اتحاد ہے۔ بہار کی حالت بہت ہی خراب ہے۔ جموں و کشمیر میں بہاریوں کا قتل ہو رہا ہے۔ آج بھی ہزاروں بہاری کشمیر میں پھنسے ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بہار حکومت وہاں سے بہاری مزدوروں کو واپس لانے میں نااہل ہے تو جاپ اپنی مدد سے بہاریوں کو واپس لائے گی۔ انھوں نے کہا کہ عوام مہنگائی سے پریشان ہے۔ کانگریس اس عوام مخالف حکومت کے خلاف سڑکوں پر لڑائی لڑ رہی ہے۔ جن ادھیکار پارٹی آنے والے وقت میں کانگریس کے ساتھ مضبوطی سے مرکز میں بیٹھی حکومت کے خلاف لڑائی لڑے گی۔
(بشکریہ قومی آواز)