پھلواری شریف: (پریس ریلیز) گزشتہ کل 22/اکتوبر کو آل انڈیا ملی کونسل کے قومی نائب صدر مولانا انیس الرحمن قاسمی، ماہر تعلیم ونجم فاؤنڈیشن کے چیئرمین و استقبالیہ کمیٹی کے جنرل سکریٹری نجم الحسن نجمی اور آل انڈیا ملی کونسل کے معاون جنرل سکریٹری مولانا سید شاہ مصطفی رفاعی قادری ندوی سجادہ نشیں خانوادہ رفاعیہ قادریہ کرناٹک، خانقاہ مجیبیہ کے زیب سجادہ حضرت مولانا سید شاہ آیت اللہ قادری مجیبی سے ملاقات کی اور اتحاد ملت وغیرہ پر گفتگو کی،زیب سجادہ حضرت سید شاہ آیت اللہ قادری نے آل انڈیا ملی کونسل کی تحریک اتحاد ملت اور مشن تعلیم 2050ء کی ستائش کرتے ہوئے فرمایا کہ امت مسلمہ کا قیمتی اثاثہ اتحا د اورتعلیم ہے،اتحاد ملت کی یہ کوششیں مبارک ہیں کہ اس نے مختلف مسالک اور مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء اور دانشوروں کو کلمہ واحدہ کی بنیاد پر ایک پلیٹ فارم پر یکجا کردیا ہے،حضرت سجادہ نشیں نے آئندہ ماہ آل انڈیا ملی کونسل کے ہونے والے اجلاس کے سلسلہ میں اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے اس اجلاس کی کامیابی کے لیے دعافرمائی اورکہا کہ انشاء اللہ میرا کوئی نمائندہ اس اجلاس میں ضرورشرکت کرے گا، اللہ تعالی اس اجلاس کو پوری ملت کے لیے خیر وبرکت کا باعث بنائے۔ اس موقع پر معاون جنرل سکریٹری حضرت مولا نا سید شاہ مصطفی رفاعی قادری ندوی نے ملی کونسل کا تعارف کراتے ہوئے کہا ملی کونسل کے قیام کا مقصد ملت کی شیرازہ بندی اوراتحاد ہے،ملی کونسل اتحاد کا پیغام دیتی ہے،کونسل کوئی ایسا کام نہیں کرتی جو اختلاف کا باعث ہو، یہی وجہ ہے کہ ملی کونسل میں مختلف افکارونظریات اور مسلک و مشرب سے تعلق رکھنے والے اہل علم شامل ہیں۔فروعی اختلافات کو ختم کرنے اوراعتدال کی راہ امت کو عطا کرنا ملی کونسل کی بنیادی مقاصد میں سے ایک ہے،جب کہ اس موقع پر آل انڈیا ملی کونسل کے قومی نائب صدر حضرت مولانا انیس الرحمن قاسمی مشن تعلیم 2050ء کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ اس مشن کے ذریعہ ملی کونسل کا مقصد 2050ء تک ہرہر فرد کو تعلیم کے ہتھیارسے لیس کرنا ہے،ہماری پسماندگی کی بنیادی وجہ تعلیم سے دوری ہے،مشن تعلیم 2050ء اسی لیے ہے کہ لوگوں کو تعلیم کے تئیں بیدارکیا جائے اور اس میں حصول تعلیم کا جذبہ پیدا کیا جائے۔