‪جماعت اسلامی ہند کا تریپورہ کے شر انگیز عناصر کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ‬

‬نئی دہلی: گذشتہ دو تین دنوں سے ریاست تریپورہ  میں مسلمانوں پر اور اُن کی عبادت گاہوں پر شرپسندعناصرکی جانب سے مسلسل حملوں کی اطلاعات مل رہی ہیں۔ مسجدوں میں آگ زنی، مسلمان مرد و خواتین پر تشدد،  انہیں ہراساں کرنے اور گھروں پر بھگوا جھنڈے لہرانے کے واقعات کی اطلاعات  ہیں۔اشرار بلاخوف قانون کو توڑ رہے ہیں۔ ان تشدد کے واقعات اور فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے کی کوششوں کی جماعت اسلامی ہند سخت مذمت کرتی ہے۔
جماعت اسلامی ہند، حکومت تریپورہ سے مطالبہ کرتی ہے کہ ریاست شر پھیلانے والوں کے خلاف سخت کاروائی کرے۔پولیس انتظامیہ اپنی فرض شناسی کا ثبوت پیش کرتے ہوئے اشرار کے ساتھ سختی سے نپٹے اور حالات کو فوری معمول پر لائے۔ بنگلادیش میں ہوئے واقعات کی مخالفت میں جو احتجاجی جلوس اگرتلہ اور دیگر مقامات پر نکالے گئے تھے ان میں مبینہ طور پر ملک کے مسلمانوں کے خلاف نفرتی نعرے لگائے گئے. احتجاج کا یہ طریقہ قابل مذمت ہے اور قانونی چارہ جوئی کا متقاضی ہے۔
سکریٹری جماعت اسلامی ہند ملک معتصم خان نےوضاحت کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی ہند نے ایک ہفتہ قبل بنگلادیش میں ہوئے واقعات اور اقلیتوں پر تشدد کی بھی شدید مذمت کی تھی اور حکومت بنگلہ دیش سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ ہر حال میں اقلیتوں کی جان و مال کی حفاظت کرے۔جناب ملک صاحب نے کہا کہ ہم بنگلادیش کے ان واقعات پر  بھی غم و غصےکا اظہار کرتےہیں اور ان واقعات کو ہندوستان میں فرقہ وارانہ کشیدگی کے لئے استعمال کرنے کی کوشش پر بھی سخت تشویش اور ناراضگی کا اظہار کرتے ہیں۔
اقلیتوں پر ظلم آج دنیاکے مختلف ملکوں میں ایک سنگین مسئلہ بن گیا ہے۔ یہ عمل سیاسی جماعتوں اور دائیں بازو کی تنظیموں کے لئے سیاسی مفاد کے حصول کا شارٹ کٹ اور  آسان ذریعہ بن گیا ہے.. یہ رجحان انسانی حقوق کے لیے ایک سنگین خطرہ بن گیا ہے۔ دنیا کا  کوئی مہذب معاشرہ اس رویہ کا متحمل نہیں ہوسکتا۔
اس بات کی ضرورت ہے کہ ملک کے تمام انصاف پسند عوام بنگلہ دیش کے واقعات کی بھی مذمت کریں اور تریپورہ کے واقعات کے خلاف بھی آواز بلند کریں اور حکومتوں کو امن و امان اور انصاف کے تقاضے پورے کر نے کے لئے مجبور کریں۔
ان حالات میں مذہبی رہنماؤں کی ذمہ داری دوبالا ہوجاتی ہے۔کسی بھی مذہب کا استحصال ظلم پھیلانے کے لیے نہ ہو۔ مذہبی رہنماؤں کی آواز فرقہ پرست لیڈران سے بلند ہونی چاہئے۔ یہ انسانیت اور ملک کے مفاد میں ہے اور وقت کا عین تقاضہ ہے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com