ایک ڈنڈے اور ایک جھنڈے کے نیچے آنا ہو گا: اویسی

اویسی نے کہا مسلمانوں پر آنے والی کسی بھی آفت پر ان کی پارٹی اور خود انہوں نے آواز بن کر پارلیمنٹ میں اٹھایا ہے، دوسری پارٹی کے مسلم دُم چھلوں نے نہیں۔
میرٹھ: (یو این آئی) اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی نے مسلم سماج کے عوام کو صلاح دیتے ہوئے کہا کہ اگر اپنا سیاسی وجود برقرار رکھنا ہے تو ایک ڈنڈے اور ایک جھنڈے کے نیچے آنا ہوگا۔
اویسی نے ہفتے روز ضلع میرٹھ کے قصبے کیٹھور میں منعقدہ ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دلت اور یادو کو ایک ڈنڈے اور ایک جھنڈے کے نیچے رہ کر ہی سرکاری نوکریوں میں جگہ پائے ہیں جبکہ دوسری طرف مسلمانوں کی قسمت میں، دنگے، فساد، جیل ، بربادی اور تباہی لکھی ہوئی ہے۔
مسلم سماج کو خبردار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے ورنہ اترپردیش میں نا انصافی کا شکار ہونا طے ہے کیونکہ اعداد وشمار اس کی تصدیق کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں پر آنے والی کسی بھی آفت پر ان کی پارٹی اور خود انہوں نے آواز بن کر پارلیمنٹ میں اٹھایا ہے، دوسری پارٹی کے مسلم دُم چھلوں نے نہیں۔
مسٹر اویسی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی 100 کروڑ لوگوں کو کورونا ویکسین دینے کا دعویٰ کرتے ہوں لیکن سچائی ہے کہ محض ایک فیصد ملک کے عوام کو ویکسین مل پائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاید لوگ یہ بھول گئے ہیں کہ مرکز اوراترپردیش میں بی جے پی کی کامیابی سماجوادی پارٹی ،بہوجن سماج پارٹی اور کانگریس کی غلط پالیسیز کا نتیجہ ہے۔
قبل ازیں مسٹر اویسی نے کل صبح میرٹھ میونسپل کارپوریشن کے کارپوریٹر اور اے آئی ایم آئی ایم کے رہنما زبیر کی گزشتہ 28 اگست کو دن دہاڑے کیے گئے قتل کے بعد ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور انھیں تعزیت پیش کی۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com