کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی خبر ملنے پر مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے اپنی چچی کنڈا ٹھاکرے اور چچیرے بھائی راج ٹھاکرے کو فون کر ان کی صحت کی جانکاری لی۔
مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس) سربراہ راج ٹھاکرے، ان کی ماں اور بہن کورونا سے متاثر ہو گئے ہیں۔ ٹیسٹ رپورٹ پازیٹو آنے کے بعد انھیں ممبئی کے لیلاوتی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ہفتہ کو ایم این ایس سے جڑے لیڈروں نے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ راج ٹھاکرے کے ساتھ ان کی ماں کنڈا ٹھاکرے اور بہن جیونتی بھی ہلکی علامتوں کے ساتھ کورونا پازیٹو پائی گئی ہیں۔ راج ٹھاکرے کی بہن کو بھی علاج کے لیے اسپتال لے جایا گیا۔
راج ٹھاکرے کے کورونا پازیٹو ہونے کی خبر ملنے پر ریاست کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے اپنی چچی کنڈا ٹھاکرے اور چچیرے بھائی راج کو فون کر کے ان کی صحت کی جانکاری لی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ پارٹی کے سینئر لیڈر بالا نندگاؤنکر نے کہا کہ راج ٹھاکرے، ان کی بہن اور ماں نے کچھ وقت پہلے ہی کووڈ19 ٹیکے کی دونوں خوراکیں لی ہیں۔ نندگاؤنکر نے یہ بھی بتایا کہ ان کی ماں کنڈا ٹھاکرے پہلے کورونا متاثر ہوئیں، اور بعد میں راج ٹھاکرے اور ان کی بہن جیونتی کو بھی یہ انفیکشن ہوا۔ انھیں لیلاوتی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
راج ٹھاکرے کا علاج کر رہے لیلاوتی اسپتال کے ڈاکٹر جلیل پارکر نے بتایا کہ کنڈا ٹھاکرے کو جمعہ کو علاج کر کے گھر بھیج دیا گیا، جب کہ راج اور ان کی بہن، جن کی علامتیں ہلکیہیں، فی الحال ان کا علاج چل رہا ہے۔ پارٹی کے ایک دیگر افسر نے کہا کہ راج ٹھاکرے کی صحت گزشتہ کچھ دنوں سے ٹھیک نہیں تھی، اور انھوں نے اپنے سبھی پروگرام کو منسوخ کر دیا تھا۔ بعد میں جب کووڈ-19 ٹیسٹ کیا گیا تو وہ متاثر پائے گئے۔
(بشکریہ قومی آواز)