جامعہ ازہر کی فلسطینی اراضی پر اسرائیلی قبضے کی شدید مذمت

قاہرہ: مصر کی سب سے بڑی دینی درسگاہ جامعہ ازہر نے مغربی کنارے میں فلسطینی علاقوں میں نئی یہود بستیوں کے قیام کے لیے فلسطینی زمینوں پر قبضے کے لیے ٹینڈرز کے اسرائیلی اقدام سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔
جامعہ ازہر نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ فلسطینی اراضی پر یہودی آباد کاروں کے لیے گھروں کی تعمیر کے لیے ٹینڈر جاری کرنا ایک جرم ہے جسے تمام بین الاقوامی قوانین نے مسترد کر دیا ہے۔ یہ ایک جارحانہ اور اشتعال انگیز قدم ہے جسے فوری طور پر روکا جانا چاہیے کیونکہ اس سے فلسطینی علاقوں میں آبادیاتی شناخت بدل جائے گی۔
الازہر نے مہذب دنیا سے اپیل کی کہ وہ ان اقدامات کے خلاف اپنی خاموشی سے باہر نکلے جو فلسطینیوں کو تاریک دور کی طرف لے جا رہی ہے۔ الازھر نے  فلسطینی قوم کے خلاف اسرائیلی فوج کی جارحیت اور فلسطینیوں پر مظالم کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
الازہر نے فلسطینی عوام کے لیے اپنی حمایت کی تجدید کی اور کہا کہ الازھر فلسطینی قوم کے نصب العین ،مسلمانوں، عربوں اور دنیا بھر کے تمام انصاف پسند لوگوں کے کاز کے دفاع میں اس کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com