نفیسہ عطاری نے پاکستان کی جیت کی حمایت میں واٹس ایپ اسٹیٹس لگایا تھا جس کے بعد انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ بدھ کو عدالت نے نفیسہ عطاری کی 20 ہزار روپے کے ذاتی مچلکے پر ضمانت منظور کرلی۔
جے پور: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستان کی جیت کا جشن منانے والی استاذ کو ضمانت مل گئی ہے۔ نفیسہ عطاری نے پاکستان کی جیت کی حمایت میں واٹس ایپ اسٹیٹس لگایا تھا جس کے بعد انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ بدھ کو عدالت نے نفیسہ عطاری کی 20 ہزار روپے کے ذاتی مچلکے پر ضمانت منظور کرلی۔ انہوں نے دلیل دی کہ اس پوسٹ کے پیچھے کوئی بدنیتی پر مبنی ارادہ نہیں تھا۔ اس معاملہ میں اگلی سماعت 9 نومبر کو کی جائے گی۔
نفیسہ نے واٹس ایپ پر ایک اسٹیٹس میں لکھا تھا ’وی وِن‘ یعنی کہ ہم جیت گئے۔ اس کی کئی لوگوں نے مخالفت کی تھی اور دیکھتے ہی دیکھتے یہ اسٹیٹس وائرل ہو گیا۔ اسکول انتظامیہ نے بھی خاتون کو اس کی خدمات سے برخاست کر دیا ہے۔ نفیسہ کے خلاف قومی سلامتی ایکٹ کے تحت ادے پور کے امباماتا تھانہ میں دفعہ 153 بی کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ دریں اثنا، خاتون کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ کہہ رہی ہے، ’’میں اپنے ہندوستان سے کسی دیگر شہری کی طرح ہی پیار کرتی ہوں۔‘‘