پھلواری شریف : (پریس ریلیز) آل انڈیاملی کونسل کے قومی نائب صدرمولاناانیس الرحمن قاسمی نے اخباری بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنچائتی انتخاب کے ذریعہ مقامی سطح پر فلاحی کاموں اورخدمت خلق کے لیے اچھے افراد منتخب کئے جائیں،2021کے پنچائت کاچناؤجاری ہے،یہ انتخاب مقامی لیڈر شپ کو آگے بڑھانے کا بہتر موقع ہے،اس رائے دہندگان کے ووٹ کی بڑی اہمیت ہے۔ووٹ کے ذریعہ بہترانتخاب گاؤں کی ترقی،سماج میں امن وسکون کے قیام کو یقینی بنائے گا۔انہوں نے یہ بھی کہاہے کہ:ووٹ ایک طاقت اورہمارا آئینی حق ہے؛اس لیے اس کا استعمال ہر ووٹر لازماً کرے،ہمارا ایک بھی ووٹر ووٹ دینے سے محروم نہ رہے،صد فیصد ووٹنگ کو یقینی بنائیں۔سماجی کارکنان بلاتفریق مذہب و مسلک اورذات پات تمام ووٹ دینے والوں کو ووٹ دینے کے لیے آمادہ کریں۔اکثر خواتین ووٹ دینے میں دلچسپی نہیں لیتی ہیں،خواتین اپنے کاموں کو آگے پیچھے کرکے ووٹ کے لیے ضرور وقت فارغ کریں،سمجھدارخواتین دوسری بہنوں اوربیٹیوں کو بھی ووٹ دینے کے لیے آمادہ کریں۔ ووٹ سے قبل ووٹر آئی ڈی کارڈ ضرور حاصل کرلیں،یا اس کے متبادل دستاویز تیار کرلیں،ووٹر آئی ڈی کارڈ کے علاوہ دوسرے متبادل دستاویز آپ اپنے بوتھ لیول افسر(بی ایل او)سے حاصل کرلیں،ایسانہ ہو کہ ان کی کمی سے آپ ووٹ دینے سے محروم رہ جائیں۔اچھے امیدواروں کو جتانے کے لیے باہمی جھگڑوں کو ختم کراکے پنچائت اورسماج وملک کی فلاح کے لیے کام کریں۔ووٹ تقسیم کرنے والے امیدوار،خواہ وہ آپ کے قریب ترین رشتہ دار ہی کیوں نہ ہوں،کے حق میں ووٹ دے کر اپنا قیمتی ووٹ برباد نہ کریں۔