ورون گاندھی نے الزام عائد کیا کہ افسران اور بچولیوں کے درمیان گٹھ جوڑ کسانوں کو کافی کم قیمت پر اپنا اناج فروخت کرنے کے لیے مجبور کر رہا ہے۔
بی جے پی رکن پارلیمنٹ ورون گاندھی نے ایک بار پھر واضح کر دیا ہے کہ وہ کسانوں کے ساتھ کی گئی کسی بھی ناانصافی کو برداشت نہیں کریں گے۔ ورون نے کچھ افسران اور کسانوں سے بات چیت کرتے ہوئے اپنی ویڈیو پوسٹ کی ہے۔ انھیں افسران کو متنبہ کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ اگر دھان خرید میں کوئی بدعنوانی یا بے ضابطگی ہے، تو وہ حکومت سے رابطہ نہیں کریں گے بلکہ سیدھے عدالت جائیں گے۔
ورون گاندھی نے کہا کہ وہ ہر خرید مرکز پر ایک نمائندہ کی تقرری کریں گے جو کارروائی کو ریکارڈ کرے گا۔ انھوں نے کہا کہ ’’ریاست کے ہر خرید مراکز پر سنگین بدعنوانی ہے جو پوری طرح سے کھلے میں ہے۔ کسانوں کے اناج کو جبراً خارج کر دیا جاتا ہے جس کے بعد وہ اپنی پیداوار بچولیوں کو فروخت کر دیتے ہیں۔ انتظامیہ کٹوتی کرتا ہے۔‘‘
ورون گاندھی نے الزام عائد کیا کہ افسران اور بچولیوں کے درمیان گٹھ جوڑ کسانوں کو کافی کم قیمت پر اپنا اناج فروخت کرنے کے لیے مجبور کر رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جب تک ایم ایس ی کی کوئی قانونی گارنٹی نہیں ہوگی، تب تک منڈیوں میں کسانوں کا استحصال ہوتا رہے گا۔