بنگال کی چار سیٹوں پر ووٹنگ جاری، کچھ جگہوں پر ہنگامہ ہونے کی خبر

ترنمول کا الزام ہے کہ جوائے بی جے پی کا لوگو لگا کر انتخابی اصولوں کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ جوائے پر ووٹروں کو متاثر کرنے کا الزام ہے۔

کلکتہ: مغربی بنگال میں، کوچ بہار ضلع کے دن ہاٹا، ندیا کے شانتی پور، شمالی 24 پرگنہ کے کھردہ اور جنوبی 24 پرگنہ کے گوسابہ اسمبلی حلقوں میں صبح 7 بجے سے پولنگ شروع ہوگئی ہے۔ ریاست کی ان چار سیٹوں پر کورونا قوانین کی پاسداری کے ساتھ ووٹنگ ہو رہی ہے۔
پولنگ شروع ہونے کے ایک گھنٹے کے بعد شمالی 24 پرگنہ کے کھردہ سے بی جے پی امیدوار جوئے ساہا کو ترنمول کارکنوں کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔ حکمراں جماعت کے کارکنوں نے ان کے ساتھ بحث کی۔ ترنمول کارکنوں نے گھیر لیا اور واپس جاؤ کے نعرے لگائے۔ ترنمول کا الزام ہے کہ جوائے بی جے پی کا لوگو لگا کر انتخابی اصولوں کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ جوائے پر ووٹروں کو متاثر کرنے کا الزام ہے۔ تاہم الزامات کو مسترد کرتے ہوئے، بی جے پی امیدوار جوئے نے ترنمول پر ووٹروں کو ووٹ ڈالنے سے روکنے کا الزام لگایا۔ پولیس اور مرکزی دستے پہلے ہی موقع پر پہنچ چکے ہیں۔
مغربی بنگال کے کوچ بہار ضلع کے دن ہاٹا اسمبلی حلقہ جہاں اس وقت ضمنی انتخابات کے لئے پولنگ ہو رہی ہے، وہاں کے دن ہاٹا ہائی اسکول پولنگ اسٹیشن پر کچھ کشیدگی دیکھی گئی۔ آج صبح ترنمول کے نوجوان لیڈر صابر ساہا چودھری کی بی جے پی امیدوار اشوک منڈل کے ساتھ جھگڑا ہوگیا۔ دونوں نے ایک دوسرے پر پولنگ بوتھ میں ووٹرز کو متاثر کرنے کا الزام لگایا۔
بی جے پی امیدوار اشوک منڈل نے کہا کہ ترنمول کے حامی انہیں اور ان کے اہل خانہ کو ووٹ ڈالنے سے روک رہے ہیں۔ دوسری طرف ترنمول کے نوجوان لیڈر صابر ساہا چودھری نے بی جے پی لیڈر کے الزامات کی تردید کی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی امیدوار باہر کے لوگوں کو لا کر ووٹروں کو متاثر کر رہے ہیں۔
(بشکریہ قومی آواز)

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com