دینی و تعلیمی میدان میں نمایاں خدمات کی بناء پر مولانا حکیم عبد اللہ مغیثی نویں آئی او ایس لائف ٹائم اچیو مینٹ ایوارڈ کیلئے نامزد

نئی دہلی:  (پریس ریلیز)  معروف تھنک ٹینک انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیز نے نواں آئی او ایس لائف ٹائم اچیو مینٹ ایوارڈ تعلیم کے میدان میں نمایاں خدمات کی بنیاد پر اتفاق رائے سے حضرت مولانا حکیم محمد عبد اللہ مغیثی کو دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ آج انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیز میں گورننگ کونسل کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں اتفاق رائے سے مولانا حکیم محمد عبداللہ مغیثی کو دینی و تعلیمی میدان میں نمایاں خدمات کی بنیاد پر ایوارڈ دینے کا فیصلہ ہوا۔ متعدد شخصیات اور اداروں کو نواں ایوارڈ دیے جانے کی تجاویز موصول ہوئی تھیں، جن میں سے آئی او ایس کی گورننگ کونسل نے اس ایوارڈ کے لیے مولانا عبد اللہ مغیثی کے نام کا انتخاب کیا۔
انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹو اسٹڈیز کے فائنانس سکریٹری جناب محمد عالم نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ آئی او ایس نے 2006 میں مختلف شعبوں میں کارہائے نمایاں انجام دینے والی شخصیات اور اداروں کو آئی او ایس لائف ٹائم اچیومینٹ ایوارڈ دینے کا سلسلہ شروع کیاتھا. اب تک آٹھ ایوارڈ دیے جاچکے ہیں. سب سے پہلا ایوارڈ 2007 میں سابق چیف جسٹس آف انڈیا جناب اے ایم احمدی کو، دوسرا ایوارڈ امارت شرعیہ بہار، اڑیسہ جھارکھنڈ کو، تیسرا ایوارڈ ڈاکٹر اے آر قدوئی سابق گورنر بہار کو، چوتھا ایوارڈ پروفیسر بی شیخ علی کو، پانچواں ایوارڈ مولانا ڈاکٹر سعید الرحمن اعظمی ندوی کو، چھٹا ایوارڈ اے جے نورانی کو، ساتواں ایوارڈ پروفیسر اختر الواسع کو اور اٹھواں ایوارڈ پروفیسر محسن عثمانی ندوی کو دیا گیا تھا. اب نواں آئی او ایس لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ ایک باوقار تقریب میں مولانا حکیم محمد عبداللہ مغیثی کو پیش کیا جائے گا۔ یہ ایوارڈ ایک مومینٹو، توصیفی سند اور ایک لاکھ روپے کے چیک پر مشتمل ہوتا ہے.
مولانا حکیم عبد اللہ مغیثی کو یہ ایوارڈ تعلیم کے میدان میں نمایاں خدمات کی بنیاد پر دینے کا فیصلہ کیاگیاہے ، مولانا عبد اللہ مغیثی بر صغیر کے نامور عالم دین ، معروف ملی رہنما اور متعدد خوبیوں کے حامل ہیں ، تعلیم ، سماجی اور ملی میدان میں آپ کی خدمات تقریبا ستر برسوں پر محیط ہے۔ تعلیم کے میدان میں آپ کی خدمات بہت وسیع ہیں. آپ تقریبا 250 دینی اداروں کے بانی اور سرپرست ہیں. ہندستان کے مختلف علاقوں میں آپ نے 25 کالجز قائم کیے ہیں. آپ جامعہ اسلامیہ عربیہ گلزار حسینہ اجراڑہ کے مہتمم، مسلمانوں کی نمائندہ ملی تنظیم آل انڈیا ملی کونسل کے قومی صدر اور آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ، آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت، تنظیم ابنائے قدیم دارالعلوم دیوبند، جامعہ مظاہر علوم سہارنپور سمیت دسیوں ملی تنظیموں اور اداروں کے آپ ممبر ہیں۔ آپ کی کئی تصانیف منظر عام پر آچکی ہیں، جن میں خطبات مغیثی، کاروان مغیثی، مجلس ذکر، احکام میت جیسی کتابیں شامل ہیں۔ مولانا کی عمر اس وقت 84 سال ہے. 15 مارچ 1937 میں اتر پردیش کے سہارنپور میں آپ کی ولادت ہوئی. 1954 میں دارالعلوم دیوبند سے آپ نے فراغت حاصل کی اور اس کے بعد سے مسلسل دینی، ملی اور سماجی خدمات میں مصروف ہیں۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com