ملی تنظیموں کا وفد پہنچا تیری پورہ، فساد متاثرہ علاقوں کا دورہ جاری

وفد میں مشاورت ، جماعت اسلامی ہند ، جمیعت اہل حدیث اور ملی کونسل شامل ، وزیراعلی سے ملاقات اور مرتکبین کے خلاف کاروائی کا مطالبہ بھی دورے کا حصہ

ملی تنظیموں کا ایک مشترکہ وفد فساد زدہ تریپورہ پہنچ گیا ہے۔ وفد نے کچھ فساد متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کر لیا ہے، جس میں پایا ہے کہ مذہبی مقامات کی بے حرمتی کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کی دکانوں اور مکانوں کو بھی بری طرح نقصان پہنچایا گیا ہے۔ جمیعت علماء ہند کی ایک فیکٹ فائنڈنگ ٹیم بھی جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی کی قیادت میں تریپورہ کے متاثرہ علاقوں کے دورے پر جا چکے ہیں ، مشترکہ وفد میں شامل انڈیا مجلس مشاورت سربراہ نوید حامد جماعت اسلامی ہند نائب امیر انجینئر محمد سلیم اور سیکریٹری محمد شفیع مدنی جمعیت اہل حدیث ہند کے سکریٹری ڈاکٹر شیث تیمی اور آل انڈیا ملی کونسل کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر منظور عالم کے نمائندہ صحافی شمس تبریز قاسمی جو ملت ٹائمز کے سربراہ بھی ہیں، شامل ہیں۔ مشاورت سربراہ مسٹر نوید حامد نے تریپورہ کی راجدھانی اگرتلہ سے ہمارا سماج کو بتایا کہ یہاں پہنچ کر ہم نے دو متاثرہ مساجد اور ملحقہ متاثرہ مسلم علاقوں کا دورہ کیا ہے۔
خبر لکھے جانے تک مشترکہ وفد نے دو متاثرہ علاقوں کا دورہ کر لیا ہے، جہاں مساجد کی بے حرمتی کی گئی ہے، ان میں ایک جگہ اگرتلا سے تقریبا سوا سو کلومیٹر دور نرورا ٹیلا ، سپاہی ضلع میں واقع ہے، یہاں مسجد کو نذرِ آتش کر کے خاکستر کر دیا گیا ہے۔ دوسری جگہ اگرتلا سے تقریبا ساٹھ کلومیٹر دور درگا بازار ہے جو گومتی ضلع میں واقع ہے ، یہاں کے بارے میں مسٹر نوید حامد نے بتایا کہ درگا بازار کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ ریاستی انتظامیہ نے مسجد کی تعمیر کا وعدہ کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ان دونوں مقامات کے علاوہ بھی دیگر متاثرہ علاقوں کا دورہ ابھی کرنے والے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ پریشانی یہ ہے کہ یکطرفہ فساد کسی مخصوص جگہ نہیں ہوا بلکہ تیری پورہ کے مختلف علاقوں میں مسلم اقلیت کے مال و متاع اور مذہبی مقامات پر شرپسندانہ حرکتیں کی گئی ہیں ، چونکہ الگ الگ علاقوں میں مساجد اور مسلم تجارتی دکانیں نذر آتش کی گئیں۔ اور ان میں لوٹ پاٹ کی گئی ہے ، اس لئے ان سبھی متاثرہ جگہوں پر پہنچنے میں وقت درکار ہے۔
مسٹر نوید حامد نے مشترکہ وفد سے ایک سوال پر کہا کہ جمیعت علما ہند کے صدر مولانا سید محمود اسعد مدنی نے مذہبی مقامات کی از سر نو تعمیر کا وعدہ کیا ہے، جو ایک اچھا قدم ہے۔ ہم اس سلسلے میں وزیر اعلی تری پورہ سے بھی ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔ تاکہ انہیں نقصانات کا کچھ اندازہ بتایا جاسکے اور مذہبی نفرت پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا جا سکے ۔ ایک اور سوال پر بتایا کہ پہلے ہم تریپورہ کے مخدوش علاقوں کا دورہ کرنا چاہتے ہیں، اس کے بعد تنظیمیں فیصلہ کریں گی کہ مستقبل میں کرنا کیا ہے ۔ بتا دیں کہ تریپورہ کے فساد زدہ علاقوں کی تسلی اور ہنگامہ آرائی کو روکنے کے حوالے سے مسٹر نوید حامد نے تمام تنظیموں کے ایک مشترکہ وفد کے لئے الگ الگ تنظیموں کو 23 اکتوبر 2021 کو خطوط روانہ کیے تھے۔ قابلِ ذکر ہے کہ بنگلہ دیش میں اقلیتی مذہبی عبادت گاہوں پر حملے کے بہانے سے تری پورہ میں مبینہ بجرنگ دل اور وی ایچ پی کے ذریعہ مساجد اور مسلم دکانوں و مکانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com