دہلی کے بازاروں میں بڑھتی بھیڑ سے کیجریوال فکر مند، عوام سے خصوصی اپیل

دہلی میں تہواروں کے مدنظر بازاروں میں لوگ خریداری کے لیے بڑی تعداد میں پہنچ رہے ہیں۔ اس بھیڑ کو دیکھ کر دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال متفکر نظر آ رہے ہیں۔ انھوں نے بدھ کے روز عوام سے اپیل کی ہے کہ ضرورت پڑنے پر ہی باہر نکلیں اور اگر نکل رہے ہیں تو ماسک ضرور لگائیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہلی میں دیوالی کو دیکھتے ہوئے خوشی کا وقت ہے۔ کورونا کے معاملے کم ہو گئے ہیں، آپ سبھی بازار جا رہے ہیں۔ لیکن اس وقت کئی لوگ احتیاط نہیں کر رہے ہیں۔ بازاروں کی تصویریں سامنے آئی ہیں جس میں لوگ ماسک نہیں پہن رہے ہیں۔

کیجریوال نے عوام کو گزشتہ سال کی دیوالی کی یاد بھی دلائی۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ سال یہی تہواروں کا وقت تھا جب کورونا بہت تیزی سے بڑھا تھا۔ ایسا اس لیے ہوا تھا کیونکہ ہم نے لاپروائی کی تھی، وہ لاپروائی اب مت کیجیے۔ اپنی اور اپنے کنبہ کی صحت کا دھیان رکھیں، کورونا بے حد خطرناک بیماری ہے۔ کوشش کریں کہ کم باہر نکلیں، اور اگر نکلیں تو ماسک پہن کر ضرور نکلیں۔
قابل ذکر ہے کہ دہلی میں کورونا کے معاملے لگاتار تیزی سے گر رہے ہیں۔ حالانکہ ڈینگو کے معاملوں میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ حالات کو دیکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ آپ اپنے گھروں پر پانی اکٹھا نہ ہونے دیں اور صاف صفائی کا دھیان رکھیں۔ 10 منٹ ہر ہفتے گھروں میں جمے پانی کو بدل دیں۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com