2022 کے عازمین حج کے لئے درخواست فارم جمع کرنے کا آغاز

سفر حج 2022کے لیے حج فارم جمع کرنے کا باضابطہ آغاز آج دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے آفس حج منزل،آصف علی روڈ، نئی دہلی میں ہوا۔ اس موقع پر دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین جناب مختار احمد،ممبران جناب عبدالرحمن (ایم ایل اے)، جناب حاجی یونس (ایم ایل اے)، جناب عبدالواجد خان (کونسلر)، جناب ڈاکٹر سید شاداب حسین رضوی اشرفی، دہلی عرس کمیٹی کے چیئرمین جناب ایف۔آئی۔ اسمائیلی،گروپ آف حج اینڈ سوشل ورک آرگنائزیشن کے صدر حاجی ادریس، حاجی ریاض راجو، حاجی اسعد میاں،حاجی ریاض الدین، حجن مہر النساء، حاجی شکیل، حاجی ظہیرالدین، محمد زاہد، اسد عالم، حاجی فرید جمیل اور حج سے متعلق رضاکار تنظیموں کے علاوہ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسرمحسن علی و سبھی افسران و ملازمین و عازمین حج موجود تھے۔
اس موقع پر سبھی ممبران نے عازمین حج کو اپنی نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سال سفر حج محفوظ طریقے سے اور آسانی سے مکمل ہوگا۔دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین مختار احمد نے اسی موقع پر موجود سبھی لوگوں کا استقبال کیا اور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا بہت بڑا کرم اور فضل ہے کہ 2سال کے لمبے انتظار کے بعد حج 2022 میں ہندوستانی حاجیوں کے شامل ہونے کی پوری امید ہے اور دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کا چیئرمین ہونے کے ناطے مجھے حج 2022کے لیے حج فارم بھرنے کا اعلان کرتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی نہ صرف دہلی بلکہ دہلی سے فلائٹ لینے والے شمالی ہندوستان کی ریاستوں سے آنے والے تمام عازمین حج کی خدمت کے لیے حاضر ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی بتایاکہ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفترمیں آنے والے سبھی حج کی درخواست دینے والوں کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ ان کے آن لائن فارم بھرنے، آن لائن بینک میں پیسہ جمع کرانے یا حج سے متعلق دیگر ضروریات ہوں یا بلڈگروپ چیکنگ ہویہ سبھی سہولیات ایک ہی چھت کے نیچے مہیا کرائی جائیں گی ۔ جس سے عازمین حج کو کسی بھی کام کے لیے ادھرادھر بھٹکنا نہیں پڑے گا ۔ اس کے علاوہ جیسی ضرورت محسوس ہوگی ہم عازمین حج کی سہولیات کے لیے مزید انتظامات کریں گی۔

مختار احمد نے مزید بتایا کہ حج فارم جمع کرنے کا کام یکم نومبر2021 سے شروع ہوکر 31/جنوری2022تک چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعہ جاری قواعد و ضوابط کے مطابق حج پر جانے کے خواہشمند آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔ جن لوگوں کو آن لائن فارم جمع کرنے میں کوئی دقت آرہی ہے تو وہ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی سے کام کے دنوں میں صبح10بجے سے شام4بجے تک فون نمبر011-23230507پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com