نئی دہلی: مرکز کی نریندر مودی حکومت نے ملک کے باشندگان کو دیوالی کے موقع پر پٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں سے راحت دی ہے۔ حکومت نے پٹرول پر 5 اور ڈیزل پر 10 روپے ایکسائز ڈیوٹی (مصنوعات ٹیکس) میں تخفیف کی ہے۔ تخفیف شدہ قیمتیں آج سے نافذ العمل ہوں گی۔ وہیں حکومت کے اس فیصلے پر پرینکا گاندھی نے مودی حکومت پر طنز کیا ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت نے دام ڈر کی وجہ سے کم کئے ہیں۔
کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کیا، ”یہ دل سے نہیں ڈر سے نکلا فیصلہ ہے۔ وصولی حکومت کی لوٹ کو آنے والے انتخابات میں جواب دینا ہے۔” خیال رہے کہ پرینکا گاندھی مہنگائی اور بے روزگاری کے معاملہ پر حکومت پر پہلے ہی حملہ آور ہیں۔
وہیں، اس سے پہلے مرکزی حکومت کی طرف سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تخفیف کے بعد کئی بی جے پی حکومت والی ریاستوں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں کمی کی گئی ہے۔ ان میں اتر پردیش، منی پور، گوا، اتراکھنڈ، کرناٹک، آسام اور تریپورہ جیسی ریاستیں شامل ہیں۔ یہاں سات روپے تک ڈیزل کے دام کم کئے گئے ہیں۔
مرکزی حکومت کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی میں تخفیف کے بعد اتر پردیش حکومت نے بھی پٹرول پر 7 روپے اور ڈیزل پر دو روپے ویٹ میں تخفیف کی ہے۔ اس طرح اتر پردیش میں اب پٹرول اور ڈیزل دونوں 12-12 روپے سستے ہو گئے ہیں۔