مالیگاؤں اور دھولیہ فسادات کی جانچ کرنے والے عدالتی کمیشن کی رپورٹ منظر عام پر لائی جائے: گلزار اعظمی

جمعیۃ علماء نے اراکین اسمبلی ابو عاصم اعظمی اور مفتی محمد اسماعیل قاسمی کو میمورنڈ م دیا
ممبئی: مالیگاؤں 2001 فسادجسٹس پاٹل کمیشن رپورٹ اور دھولیہ 2013 فساد جسٹس مالٹے کمیشن رپورٹ منظر عام پر لانے کے لیئے آج جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) نے رکن اسمبلی مفتی محمد اسماعیل قاسمی کو ممبئی میں ایک میمورنڈ م دیتے ہوئے ان سے مطالبہ کیا کہ آنے والے اسمبلی اجلاس میں وہ ایوان میں آواز بلند کریں تاکہ مسلمانوں کو انصاف حاصل ہوسکے ۔
جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے جنرل سیکریٹری مولانا حلیم اللہ قاسمی اور قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزار اعظمی نے مالیگاؤں سے مجلس اتحاد المسلمین کے ممبر اسمبلی مفتی محمد اسماعیل قاسمی کو دو صفحات پر مشتمل میمورنڈم دیتے ہوئے ان سے درخواست کی کہ وہ مالیگاؤں اور دھولیہ میں رونما ہونے والے فرقہ وارانہ فسادات کی جانچ کرنے والے کمیشنوں کی رپورٹ منظر عام پر لانے کے لیئے حکومت سے رجوع ہوں اور ماہ سمبر میں منعقد ہونے والے اسمبلی اجلاس میں ایوان میں دیگر اراکین اسمبلی کے ساتھ اس اہم مدعا کو اٹھائیں۔
گلزار اعظمی نے کہا کہ مالیگاؤں 2001 فساد میں 13 مسلم شہید ہوئے تھے جبکہ دھولیہ 2013 فساد میں 6 مسلمان پولس کی غیر ضروری فائرنگ کی وجہ سے جاں بحق ہوگئے تھے، مہاراشٹر حکومت نے ان دونوں فسادات کی جانچ کرنے کے لیئے عدالتی کمیشن بنایا تھا، دونوں کمیشنوں نے اپنی رپورٹ حکومت کو پیش کردی ہے لیکن ابھی تک حکومت نے ان کمیشنوں کی رپورٹ کو عام نہیں کیا ہے، یہ انصاف کا تقاضہ ہے کہ ان رپورٹوں کو مع ایکشن ٹیکن رپورٹ اسمبلی میں پیش کیا جائے ۔
انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ نے خودحکومت مہاراشٹر کو ہدایت دی تھی کہ وہ جسٹس مالٹے کمیشن کی سفارشات کے مطابق خاطی پولس افسران اور فساد میں ملوث شرپسندوں پرکارروائی کرے لیکن حکومت نے کمیشن کی رپورٹ ہی ظاہر نہیں کی ۔ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلہ میں یہ بھی کہا تھا کہ اگر فسا د متاثرین کمیشن کی رپورٹ سے مطمئن نہیں  ہیں تو وہ عدالت سے دوبارہ رجوع ہوسکتے ہیں۔ تاکہ سپریم کورٹ کے فیصلہ کے مطابق خاطی پولس افسران کے خلاف عدالت سے رجوع ہوا جاسکے۔
گلزار اعظمی نے کہا کہ ان کمیشنوں کی کارروائی میں مقامی جمعیۃ علماء کے وکلاء اور رضا کاروں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیاتھا لیکن کمیشن کی رپورٹ ٹیبل نہ ہونے سے انہیں مایوسی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کمیشن کی رپورٹ منظر عام پر لانے کے لیے ہائی کورٹ اورسپریم کورٹ تک جانے کو تیار ہیں لیکن ہم چاہتے ہیں کہ ایوان میں بھی مسلمانوں کے ساتھ ہونے والی اس نا انصافی کی گونج سنائی دے۔
گلزار اعظمی نے مفتی محمد اسماعیل سے درخواست کی کہ سرمائی اجلاس کے موقع پر مسلم ممبران اسمبلی و قونصل اور سیکولر پارٹی کےلیڈران و ذمہ داران کے ساتھ ایک نشست منعقد کرکے ان سے درخواست کی جائے کہ وہ اس مسئلہ پر اسمبلی میں  ہمارا ساتھ دیں ،اور اس سلسلہ میں جو بھی کرنا ہوگا جمعیۃ علماء مہاراشٹر تیار ہے۔
آج صبح ہی ایڈوکیٹ شاہد ندیم نے سماج وادی پارٹی مہاراشٹرکے صدر اور گونڈی سے رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی سے ان کی آفس میں ملاقات کرتے ہوئے انہیں میمورنڈ م دیا اور ان سے کمیشنوں کی رپورٹوں کو منظر عام پر لانے کے لیئے کوشش کرنے کی گذارش کی ۔ میمورنڈم قبول کرتے ہوئے ابو عاصم اعظمی نے کہا کہ وہ اس تعلق سے آنے والے اسمبلی اجلاس میں آواز بلند کریں گے اور وہ کوشش کریں گے کہ جمعیۃ علماء کے اراکین کے ساتھ وزیر اعلی اور ہوم منسٹر سے ملاقات کریں اور ان کے روبرو یہ اہم مسئلہ کو اٹھائیں۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com