مہاراشٹر کے سابق وزیر داخلہ انیل دیشمکھ کی ای ڈی حراست ختم، آج عدالت میں پیشی

ممبئی: کروڑوں روپے کے منی لانڈرنگ معاملہ میں گرفتار کئے گئے مہاراشٹر کے سابق وزیر داخلہ انیل دیشمکھ کی ای ڈی کی حراست آج ختم ہو رہی ہے۔ انہیں آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ عدالت نے 2 نومبر کو دیشمکھ کو آج تک کی ای ڈی کی حراست میں بھیج دیا تھا۔ ای ڈی نے پیسوں کی ہیر پھیر کے ایک معاملہ میں انیل دیشمکھ کو 12 گھنٹے سے زیادہ تک چلی پوچھ گچھ کے بعد یکم نومبر کو دیر رات گئے گرفتار کر لیا تھا۔
منی لانڈرنگ کا یہ کیس مہاراشٹر پولیس اسٹیبلشمنٹ میں مبینہ بھتہ خور گینگ سے متعلق ہے۔ سی بی آئی کی جانب سے 21 اپریل کو این سی پی لیڈر کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے بعد ای ڈی نے دیشمکھ اور اس کے ساتھیوں کے خلاف تحقیقات شروع کی تھی۔ سی بی آئی نے دیشمکھ کے خلاف بدعنوانی اور سرکاری عہدے کے غلط استعمال کے الزام میں ایف آئی آر درج کی تھی۔
ای ڈی نے الزام لگایا ہے کہ دیشمکھ نے اس وقت اپنے سرکاری عہدے کا غلط استعمال کیا جب وہ ریاستی وزیر داخلہ تھے اور معطل شدہ پولیس اہلکار سچن وازے کے ذریعے ممبئی کے مختلف بارزوں اور ریستورانوں سے 4.70 کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم وصول کی۔ دیشمکھ نے پہلے ان الزامات کی تردید کی تھی اور کہا تھا کہ ایجنسی کا سارا معاملہ ایک داغدار پولیس افسر (وازے) کے بدنیتی پر مبنی بیانات پر مبنی ہے۔
ای ڈی نے اس معاملے میں دو دیگر افراد سنجیو پلاندے اور کندن شندے کو بھی گرفتار کیا ہے۔ ایڈیشنل کلکٹر کے عہدے برابر کے افسر پلاندے، دیشمکھ کے پرسنل سکریٹری کے طور پر کام کر رہے تھے، جبکہ شندے دیشمکھ کے پرسنل اسسٹنٹ تھے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com