آرین خان کو پھنساکر اغوا کیا گیا، نواب ملک کا سمیر وانکھیڈے پر تازہ حملہ

ممبئی: مہاراشٹر کے وزیر اور این سی پی لیڈر نواب ملک اتوار کے روز پھر پریس کے سامنے نمودار ہوئے اور کروز ڈرگس کے حوالہ سے کئی بڑے دعوے کئے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آرین خان کا پورا کیس اغوا اور وصولی سے وابستہ ہے اور اس کا ماسٹر مائنڈ موہت کمبوج ہے۔ ملک نے یہ بھی الزام لگایا کہ موہت کمبوج وصولی میں این سی بی افسر سمیر وانکھیڈے کا شراکت دار ہے۔
نواب ملک نے کہا کہ موہت کمبوج پر 1100 کروڑ روپے کے بینک فراڈ کا الزام ہے، وہ پہلے کانگریس لیڈروں کے پیچھے پیچھے تھا لیکن حکومت تبدیل ہونے کے بعد وہ بی جے پی کے قریب ہو گیا۔
خیال رہے کہ موہت کمبوج نے سنیچر کے روز ایک پریس کانفرنس کی تھی اور اس میں سنیل پاٹل نامی شخص کو اس معاملے کا ماسٹر مائنڈ قرار دیا تھا۔ موہت نے پاٹل کو این سی پی لیڈروں کا قریبی بتایا تھا اور نواب ملک پر کئی الزامات بھی عائد کئے تھے۔
نواب ملک نے الزام لگایا کہ موہت کمبوج اور سمیر وانکھیڈے کے درمیان اچھے تعلقات ہیں۔ موہت کمبوج 11 ہوٹل چلاتا ہے۔ ملک نے مزید کہا، ‘ہم نے کہا تھا کہ کمبوج اور وانکھیڈے میں تعلقات ہیں، جلد ہی ان کی ملاقات کی ویڈیو جاری کریں گے۔
انہوں نے کہا، چھ اکتوبر کو میری پریس کانفرس ہوئی اور 7 تاریخ کو وانکھیڈے اور کمبوج اوشیوارا کے قبرستان میں ملے۔ وہ خوش قسمت ہیں کہ پولیس کا سی سی ٹی وی بند تھا، ہمیں سی سی ٹی وی حاصل نہیں ہو سکا اور وانکھیڈے گھبرا کر وہاں سے چلے گئے کہ کوئی ان کا تعاقب کر رہا ہے۔
نواب ملک نے ایک بار پھر این سی بی افسر سمیر وانکھیڈے کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وانکھیڈے کا ایک ہی کھیل ہے کہ منشیات کا کاروبار جاری رہے، ڈرگ مافیا کو تحفظ دیا جائے اور ان سے رقم وصول کی جائے۔ فلمی دنیا کے لوگوں کو ڈرایا جائے اور ان سے ہزاروں کروڑ روپے وصول کئے جائین ، یہ کھیل وانکھیڈے کھیل رہے ہیں۔
نواب ملک نے مزید الزام لگایا کہ آرین خان کا پورا کیس اغوا اور وصولی کا ہے۔ آرین خان خود ٹکٹ خریدنے کے بعد سیر پر نہیں گئے۔ انہیں پرتیک گابا اور عامر فرنیچر والا وہاں لائے تھے۔ وہاں سے آرین خان کو اغوا کیا گیا اور 25 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا گیا۔ موہت کمبوج تاوان مانگنے میں وانکھیڈے کا ساتھی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ آرین خان کو پھنسایا گیا تھا لیکن ایک سیلفی نے سارا کھیل ہی خراب کر دیا۔
نواب ملک نے کہا، “موہت کمبوج کا نسبتی بھائی ہے، اس کے دوست پرتیک گابا اور عامر فرنیچر والا ہیں۔ ان کے ذریعے آرین خان کو لے جایا گیا۔ وجے پگارے کے نام پر فارچیون ہوٹل میں ایک کمرہ بک کرایا گیا اور جشن منایا گیا کہ 2-3 تاریخ کو بہت بڑی رقم آنے والی ہے۔”

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com