گاندھی جی اگر گھر بیٹھ جاتے تو ملک آزاد نہیں ہوتا ، نفرت کیخلاف جد وجہد ضروری !

اتراکھنڈ پردیش قومی تنظیم کی جانب سے منعقدہ پروگرام میں طارق انور کا بیان، محبت ہی اس ملک کی یکجہتی کی ضامن: قاضی نظام الدین 
دہرا دون: اترا کھنڈپردیش قومی تنظیم کی جانب سے گدر پور میں منعقدہ قومی یکجہتی کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے آل انڈیا قومی تنظیم کے قومی صدر طارق انور نے ملک کی موجودہ صورتحال پر انتہائی دکھ اور تکلیف کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اگر ہم نے اپنے پڑوسی ملکوں سےا ب بھی سیکھ نہیں لی اور جن لوگوں نے مذہب کی بنیاد پر الگ جانے کا فیصلہ کیا تھا ان کے حالات سے سبق نہیں لیا تو آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ آل انڈیاقو می تنظیم پورے ملک میں اسی لئے آزادی کے 75سالوں کی مناسبت سے جشن منارہی ہے تاکہ ہم لوگوں کو بتائیں کہ گاندھی کے ملک میں تشدد اور نفرت کی کوئی جگہ نہیں ہے اور جو لوگ ملک کے اقتدار پر گذشتہ سات سالوں سے قابض ہیں وہ کس طرح سے ملک میں نفرت اور تشدد کو بڑھاوا دے رہیں اور کس طرح سے انگریزوں کی بانٹو اور راج کرو کی پالیسی کے حامی ہیں۔ انہوں نے میڈیا رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ جس طرح سے گذشتہ سات سالوں میں لوگوں کی غربت میں اضافہ ہوا ہے وہ اب دیش کے سامنے ہیں ۔طارق انور نے کہاکہ ایز آف ڈوئینگ بزنس کی وزیراعظم نے بات کی تھی ، لیکن آج کس طرح سے بزنس مین خود کشی کررہے ہیں وہ بھی سب کے سامنے ہے۔ بے روزگاری کیساتھ مہنگائی کی مار نے لوگوں کی کمر پوری طرح سے توڑ دی ہے۔ اس لئے ضروری ہے کہ ہم بیدار ہوں اور فرقہ پر ستی کا مقابلہ ذات اور برداری سے اوپر اٹھ کر کریں۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے اجداد نے ملک کیلئے جو قربانی دی تھی، ہمیں اس کو برباد نہیں جانے دینا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج نفرت کو پاٹنے کیلئے ہم کو خود آگے آنا ہوگا۔ ہم صرف حالات کارونا روکر گھر نہیں بیٹھ سکتے ، بلکہ لوگوں کے درمیان جاکر ہمیں کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ سنگین سے سنگین حالات میں بھی گاندھی جی اور ان کے ساتھیوں نے جدوجہد کیا اور ملک کو آزاد کرایا ۔ اگر وہ اور ان کے ساتھی گھر بیٹھ جاتے تو ہم آزاد فضا میں سانس نہیں لے رہے ہوتے۔ انہوں نے کہاکہ اب نفرت کیخلاف بولنا دھیرے دھیرے ظلم کے زمرے میں آتا جارہا ہے۔ طارق انور نے کہاکہ تری پورہ میں جو ہوا اس کو کیسے نظر انداز کیا جاسکتا ہے؟ اس کیخلاف راہل گاندھی جی نے جس جرات کیساتھ آواز بلند کی دنیا نے اس کی تعریف کی اورانہیں گاندھی کے دیش کا وارث بتایا، لیکن افسوس کی بات ہے کہ تری پورہ میں نفرت کے سودا گروں پر پولس خاموش ہے اور ان لوگوں پر کیس کرنے کی بات ہورہی ہے، جنہوں نے نفرت روکنے کیلئے پولس اور سرکار کو اس کی ذمہ داری کا احساس دلایا ۔ انہوں نے کہاکہ قومی تنظیم کا ایک ہی مقصد ہے کہ پورے ملک میں نفرت کیخلاف لوگوں کو محبت کی بنیادوں پر اکٹھا کیاجائے۔ اس موقع پر آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری قاضی نظام الدین نے لوگوں سے محبت کا پرچار کرنے اور نفرت کیخلاف مہم چلانے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ محبت ہی یکجہتی کی ضامن ہے ۔ پروگرام کا انعقاد اتراکھنڈ پردیش قومی تنظیم کے کنوینر شرافت علی منصوری نے کیا ۔پروگرام میں حاجی عارفین منصوری ،راجند پال سنگھ، سبط نبی، مولانا زاہد رضا، نظام اختر، شیلیند رشرما، رشید رضا، مشرف حسین، امر جیت سنگھ ، نجمہ بیگم ، سنجیو سنگھ، شری واستواجی ، اقبال سنگھ اور قومی تنظیم کی جنرل سکریٹری آرگنائزیشن محمد احمد سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے حصہ لیا اور نفرت کیخلاف مہم چلانے کی یقین دہانی کرائی۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com