پھلواری شریف: (پریس ریلیز) آل انڈیا ملی کونسل کے قومی مجلس عاملہ ومجلس تاسیسی اور مجلس عمومی کے اس ماہ کے 12/تا 14/نومبر کو ہونے والے اجلاس کی تیاریاں شباب پر ہیں، پورے ملک سے تقریباً دو سو علماء اوردانشوروں کی شرکت متوقع ہے،170/سے زائد مہمانوں کی آمد کا پروگرام طے ہوچکا ہے، انہوں نے اپنی آمد کے پروگرام سے دفتر ملی کونسل پٹنہ کو مطلع کردیا ہے، توقع ہے کہ زیادہ تر مہمان 12/نومبر کی صبح تک پٹنہ پہنچ جائیں گے، چنئی سے تشریف لانے والے علماء و دانشوروں کا وفد 12/نومبر کی صبح ساڑھے دس بجے پٹنہ ایئرپورٹ پہونچے گا، جب کہ اندورسے تشریف لانے والے مہمانان کرام ۱۱/نومبرہی کو بذریعہ ٹرین تشریف لے آئیں گے،بنگلور سے آنے والے علماء اور دانشوران کی 12/نومبر کی صبح پٹنہ پہونچیں گے، جب کہ دہلی سے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم صاحب ودیگردانشوروں کا وفد ۱۱/نومبر کو ہی پٹنہ پہنچ جائے گا، بھوپا ل، حیدرآباد، وجے واڑہ، ہریانہ، پنجاب، سری نگر، ورنگل، کولکاتہ، تریپورہ، میزروم، میگھالیہ، پونڈی چری، کرناٹک، کیرل، لکھنؤ، میرٹھ، غازی آباد، کانپور، مؤ، اعظم گڑھ، اروناچل پردیش، اتراکھنڈ وغیرہ کے مہمانان کرام 12/نومبر کی صبح تک پٹنہ پہنچ جائیں گے، اس کے علاوہ بہار کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے علماء و دانشوروں کی شرکت یقینی ہے، اور یہ حضرات ان شاء اللہ 12/نومبر کی صبح تک پٹنہ تشریف لے آئیں گے، اس کی اطلاع دیتے ہوئے آل انڈیا ملی کونسل بہار جنرل سکریٹری جناب محمد عالم قاسمی اور کارگزار جنرل سکریٹری مولانا محمد نافع عارفی نے کہا کہ اس سہ روزہ اجلاس کے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے آل انڈیا ملی کونسل نے تعلیمی بیداری و اصلاح معاشرہ کانفرنس منعقدکرنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ کانفرنس 13/نومبر کی شام المعہد العالی گراؤنڈ میں منعقد ہوگی، جس کی صدارت آل انڈیا ملی کونسل کے قومی صدر حضرت مولانا عبداللہ مغیثی صاحب کریں گے، اس کانفرنس کو ملک کے مختلف ریاستوں سے تشریف لانے والے علماء و دانشور خطاب کریں گے، انہوں نے مزید کہاکہ اس موقع پر خواتین کے لیے ایک خصوصی نشست دن کے 2بجے معہدگراؤنڈ میں رکھی گئی ہے جس کا عنوان ملت کی ترقی کی میں عورتوں کا کردار رکھا گیا ہے، اس نشست کوبھی تعلیمی میدان میں نمایاں خدمات انجام دینے والی خوتین اور دانشور حضرات خطاب کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پہلی دفعہ ملی کونسل کے قومی اجلاس کی میزبانی کا شرف ہمیں حاصل ہورہا ہے، اتنی بڑی تعداد میں ملک کے نامور اہل علم و دانش کا پٹنہ میں ایک ساتھ جمع ہونا ہمارے لیے بھی خوش بختی کی بات ہے اور پورے بہار کے لیے سعادت ہے، انہوں نے مزید کہا کہ مہمانوں کے قیام اور میٹنگوں کے لیے ہال اور روم وغیرہ بک کر لیے گئے ہیں۔