جامعہ ملیہ میں واقع سی سی آر یو ایم کے لٹریری انسٹی ٹیوٹ کی سرگرمیاں قابل ستائش:  پروفیسر عاصم علی خان

نئی دہلی:  پروفیسر عاصم علی خان، ڈائریکٹر جنرل، سنٹرل کونسل فار ریسرچ ان یونانی میڈیسن اورایڈوائزر (یونانی)،  وزارت آیوش، حکومت ہند نے جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی میں واقع سی سی آر یو ایم کے ادارہ حکیم اجمل خان انسٹی ٹیوٹ فار لٹریری اینڈ ہسٹاریکل ریسرچ ان یونانی میڈیسن کا دورہ کیا۔دورے کے دوران پروفیسر خان نے انسٹی ٹیوٹ میں چل رہی لٹریری تحقیق، عربی اورفارسی یونانی کلاسیکی(قدیمی) کتابوں کے ترجمہ، یونانی لٹریچر کی تدوین، سائنسی خطوط پرمبنی دستاویزات کی تالیف، اہم مخطوطات کے ڈیجیٹلائزیشن اور اسنومیڈ۔سی ٹی پروجیکٹ سے متعلق سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

پروفیسر خان نے عربی و فارسی کی اہم کتابوں جیسے منہاج الدکان،منافع الاغذیہ،قرابادین جلالی، مجربات رضائی، کتاب المغنی وغیرہ  تراجم کی اشاعت پر انسٹی ٹیوٹ کی پذیرائی کی۔انہوں نے گزشتہ چند سالوں میں دماغ، جگر، گردے اور دل سے امراض و مسائل پر جامع کلاسیکی یونانی  لٹریچر کی تدوین پر خوشی کا اظہار کیا۔ پروفیسر خان نے معیاری یونانی علاج کے رہنمااصول، یونانی اطباء کے لیے گھر میں کورنٹائن کووڈ۔ 19 مریضوں کے حوالے سے رہنما خطوط، کووڈ-19 وبائی امراض کے دوران خود کی دیکھ بھال کیلئے یونانی ادویہ پر مبنی احتیاطی تدابیر وغیرہ پر اہم دستاویزات کی اشاعت کی ستائش کی۔ پروفیسرخان نے جامعہ کے بانیوں میں سے ایک حکیم اجمل خان کی زندگی اورکارناموں پرمبنی کتاب’نقوش اجمل‘،  ’حکیم اجمل خان -اے مین آف ایکسپشنس‘ اور’میموائر آف حکیم اجمل خان ‘کی اشاعت کی تعریف کی۔
پروفیسر خان نے انسٹی ٹیوٹ طبی سہولیات اور ریجیمینل تھراپی سیکشن کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے طب یونانی پر مبنی دستاویزات کی فرانسیسی،ہسپانوی،جرمن،روسی، عربی اور فارسی زبانوں میں اشاعت کے لئے جامعہ ملیہ اسلامیہ سمیت دوسرے اداروں کے ساتھ مل کر کام کر نے کا مشورہ دیا۔
انسٹی ٹیوٹ کے انچارج ڈاکٹر محمد فضیل نے انسٹی ٹیوٹ کی گزشتہ پانچ سالوں بالخصوص جامعہ ملیہ اسلامیہ میں منتقلی کے بعدکی سرگرمیوں اور کامیابیوں پرمبنی ایک تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے ادارے میں جاری تحقیقی منصوبوں کی موجودہ صورت حال اور مستقبل کی حکمت عملی پر بھی روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر احمد سعید، ریسرچ آفیسر (یونانی) سائنٹسٹ۔III نے کلمات تشکر اداکئے۔اس موقع پر سی سی آر یوایم صدر دفترسے ڈاکٹر غزالہ جاوید، ریسرچ آفیسر (یونانی) سائنٹسٹ۔IV، ڈاکٹر امان اللہ، ریسرچ آفیسر (یونانی) سائنٹسٹ۔ III  اور انسٹی ٹیوٹ کے تمام افسران موجود تھے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com