یوپی کے عوام بی جے پی کی ہار کا جلوس نکالیں گے: اکھلیش یادو

لکھنؤ: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعہ کے روز سے یوپی اسمبلی انتخابات کے پیش نظر مہم جوئی کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ امت شاہ وزیر اعظم نریدنر مودی کے وارانسی دورے سے قبل وارانسی پہنچے اور بی جے پی کے اجلاس کے دوران کارکنان سے خطاب کیا۔
قبل ازیں، امت شاہ کے دورے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے کہا کہ یوپی میں ہار کے خوف سے بی جے پی کی قیادت میں کھلبلی مچی ہوئی ہے، یہی وجہ ہے کہ بڑے بڑے لیڈران بار بار یوپی کا دورہ کر رہے ہیں۔
اکھلیش یادو نے ٹوئٹر پر لکھا، ”یوپی میں اپنی ہار سامنے دیکھ کر بی جے پی کی اعلیٰ قیادت میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ اس لئے ہر ہفتہ کوئی نہ کوئی دوڑا چلا آ رہا ہے۔ یوپی میں بی جے پی کا ہار کا خوف جتنا زیادہ بڑھے گا اتنے ہی یوپی میں بی جے پی کے لیڈران کے دورے بھی بڑھیں گے۔ یوپی کے عوام لکھیم پور کی جیت میں بی جے پی کی ہار کا جلوس نکالیں گے۔”
اس سے پہلے کنبہ پروری کے حوالہ سے اکثر بی جے پی کے نشانہ پر رہنے والی سماجوادی پارٹی کے بربراہ اکھلیش یادو نے جوابی حملہ بولتے ہوئے جمعرات کو بی جے پی کو سب سے بڑی کنبہ پرست پارٹی قرار دیا۔ اکھلیش یادو نے مظفرنگر کے بڑھانہ علاقہ میں سماجوادی پارٹی کے ‘کشیپ مہاسمیلن’ میں کہا، ”بی جے پی سب سے بڑی کنبہ پرست پارٹی ہے۔ بی جے پی کو اپنی کنبہ پروری نظر نہیں آتی۔”
اکھلیش یادو نے اپنی پارٹی کو سماجوادی کنبہ قرار دیتے ہوئے کہا، ”سماجوادی پارٹی سماجوادی کنبہ ہے۔ ہم سبھی سماجوادی کنبہ کے لوگ ہیں۔ سماجوادی پارٹی لگاتار لوگوں کو جوڑنے کا کام کر رہی ہے۔ کئی چھوٹی جماعتوں کو بھی ساتھ لیا ہے۔” خیال رہے کہ بی جے پی کنبہ پروری کے مسئلہ پر سماجوادی پارٹی اور ملائم سنگھ کنبہ پر حملہ آور رہتی ہے۔ وزی اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اکثر اپنی تقاریر میں سماجوادی پارٹی کو ایک کنبہ کی پارٹی قرار دیتے رہے ہیں۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com