بنگلور: کرناٹک میں جمعہ کی صبح ایک بڑا ٹرین حادثہ ٹل گیا۔ صبح تقریباً 3.50 بجے کننور-بنگلورو ایکسپریس کے پانچ ڈبے بنگلورو ڈویڑن کے ٹوپورو-سیودی کے درمیان اچانک پٹری سے اتر گئے۔ ساؤتھ ویسٹرن ریلوے سے موصولہ اطلاع کے مطابق حادثے کے وقت تمام 2348 مسافر محفوظ ہیں۔ کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔معلومات کے مطابق آج صبح جب کنور-بنگلور ایکسپریس ٹوپورو-سیودی کے درمیان سے گزر رہی تھی تو اچانک پہاڑ کے پتھر نیچے گرنے لگے۔ پٹریوں پر پتھراؤ کی وجہ سے کنور-بنگلورو ایکسپریس کے پانچ ڈبے پٹری سے اتر گئے۔ ڈرائیور نے سمجھداری دکھاتے ہوئے فوراً ٹرین روک دی جس کی وجہ سے کوئی بڑا حادثہ نہیں ہوا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچنے والے ساؤتھ ویسٹرن ریلوے حکام نے جائے حادثہ کاجائزہ لیا۔ پٹریوں سے پتھر ہٹانے کا کام جاری ہے۔ بتا دیں کیونکہ حادثہ تقریباً 3.50 بجے ہوا، اس وقت ٹرین میں لوگ سو رہے تھے۔ ٹرین میں موجود مسافروں کے مطابق حادثے کے دوران ٹرین پر بڑے بڑے پتھر گرنے لگے۔ ایک دم ایسا لگا جیسے کوئی دھماکہ ہوا ہو۔