مرینا کے پاس اودھم پور دُرگ ایکسپریس میں لگی بھیانک آگ، ٹرین کی چار بوگیاں جل کر راکھ

پنجاب کے اودھم پور سے چھتیس گڑھ کے دُرگ کی طرف جا رہی اودھم پور-دُرگ سپرفاسٹ ایکسپریس ٹرین جمعہ کے روز ‘دی برننگ ٹرین’ میں بدل گئی۔ اچانک لگی آگ میں اس گاڑی کے چار کوچ بری طرح جل کر خاک ہو گئے۔ ان کوچوں میں سوار کسی بھی مسافر کو کوئی نقصان نہیں ہوا ہے اور سبھی پوری طرح محفوظ ہیں۔ حادثے کے بعد راحت کا کام جاری ہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق اودھم پور-دُرگ سپرفاسٹ ایکسپریس ٹرین آج جب مدھیہ پردیش کے مرینا کے ہوتم پور کے قریب تھی تبھی اس میں اچانک آگ کی لپٹیں اٹھنے لگیں۔ اس سے آگ کی زد میں چار اے سی کوچ آ گئے۔ اٹھتے دھوئیں اور آگ کے درمیان مسافروں نے ٹرین سے اتر کر اپنی جان بچائی۔ اس حادثے میں کسی طرح کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔

جھانسی ڈویژن کے رابطہ عامہ افسر منوج سنگھ نے بتایا کہ یہ حادثہ ہوتم پور کے قریب ہوا ہے۔ جن کوچز میں آگ لگی تھیں، وہ پیچھے کی طرف ہیں۔ ان کوچز کو الگ کر دیا گیا ہے اور متاثر ہوئے کوچ کے مسافروں کے لیے الگ سے کوچ لگائے جا رہے ہیں۔ اچھی بات یہ ہے کہ اس حادثہ میں کسی بھی مسافر کی جان نہیں گئی۔

بتایا گیا ہے کہ آگ نے کچھ ہی دیر میں خطرناک شکل اختیار کر لی تھی اور وہاں موجود لوگوں کو کچھ بھی سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ اس پر کس طرح قابو پایا جائے۔ مسافروں نے کسی طرح ٹرین سے باہر نکل کر اپنی جان بچائی۔ موقع پر پہنچی پولیس فورس، انتظامیہ اور ریلوے ملازمین نے مسافروں کی مدد کی اور دمکل کی مدد سے آگ کو بجھایا گیا۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com