بہار کے سابق وزیر اعلیٰ اور آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کی جمعہ کو اچانک طبیعت بگڑ گئی۔ خراب طبیعت کو دیکھتے ہوئے انھیں علاج کے لیے فوراً دہلی کے ایمس میں ایمرجنسی وارڈ میں داخل کرایا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ انھیں بخار ہونے پر اسپتال میں داخل کرایا گیا۔
لالو یادو ایک دن پہلے ہی بانکا جیل سے غیر قانونی نکاسی معاملے میں عدالت میں پیشی کے بعد جمعرات کو پٹنہ سے دہلی لوٹے تھے۔ لالو کے ساتھ ان کی بیوی رابڑی دیوی اور بیٹی میسا بھارتی بھی موجود ہیں۔ لالو طویل مدت سے بیمار چل رہے ہیں۔ لالو ابھی دہلی میں ایمس کے ڈاکٹروں کی نگرانی میں بڑی بیٹی اور راجیہ سبھا رکن میسا بھارتی کی رہائش پر رہ رہے ہیں۔
جمعرات کو پٹنہ سے دہلی لوٹنے کے دوران لالو نے بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو سخت لفظوں میں تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ انھوں نے کہا تھا کہ بہار کے وزیر اعلیٰ ترقی کی بات کرتے ہیں جب کہ نیتی آیوگ کی رپورٹ میں صحت اور تعلیم میں بہار پھسڈی ہے۔ لالو نے ریاستی حکومت کے ذریعہ چلائے جا رہے منصوبے پر بھی طنز کیا تھا اور نتیش کمار کو چلو بھر پانی میں ڈوب جانے کی صلاح دی تھی۔
واضح رہے کہ دہلی میں علاج کرا رہے لالو یادو 22 نومبر کو دہلی سے پٹنہ پہنچے تھے۔ 23 نومبر کو سی بی آئی کی خصوصی عدالت میں چارہ گھوٹالہ معاملے میں ان کی پیشی ہوئی تھی۔ چارہ گھوٹالے کے ایک معاملے میں ملزم لالو سمیت چار ملزمین منگل کو سی بی آئی عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے معاملے کی آئندہ سماعت 30 نومبر کو طے کی ہے۔