دہلی پولیس نے ایم سی ڈی ملازمین کو ہراساں کرنے کے الزام میں سابق رکن اسمبلی آصف محمد خان گرفتار

دہلی: دارالحکومت دہلی کی جنوبی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) کے ملازمین کو ’مرغا‘ بنانے اور ان کے ساتھ گالی گلوج کرنے کے الزام میں دہلی پولیس نے بڑی کارروائی کی ہے۔ پولیس نے اوکھلا اسمبلی حلقہ سے کانگریس کے دو بار رکن اسمبلی رہے آصف محمد خان کو گرفتار کرلیا ہے۔ واضح رہے کہ دہلی پولیس نے اوکھلا کے شاہین باغ علاقے میں کانگریس لیڈر کو ایم سی ڈی ملازمین کو گالی دینے اور مارپیٹ کرنے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد معاملہ درج کیا تھا۔
دراصل جنوب میونسپل کارپوریشن ملازمین کے ساتھ کانگریس لیڈر اور اوکھلا سے دو بار رکن اسمبلی آصف محمد خان پر مارپیٹ کرنے کا الزام لگا تھا۔ ایم سی ڈی ملازمین کا الزام ہے کہ انہوں نے چار لوگوں کو ایک طرح سے یرغمال بناتے ہوئے زبردستی ’مرغا‘ بنانے کے علاوہ لات گھونسوں اور ڈنڈے سے پٹائی کرنے کے ساتھ گالی گلوج بھی کی تھی۔ جبکہ سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد دہلی پولیس حرکت میں آئی اور ہفتہ کے روز سابق رکن اسمبلی کو گرفتار کرلیا۔
آدمی پارٹی کا پوسٹر کیوں نہیں پھاڑا؟
وائرل ویڈیو کے مطابق، سابق رکن اسمبلی پر خوب گالیاں دینے کا الزام ہے۔ وہ کہہ رہے ہیں کہ عام آدمی پارٹی کے پوسٹر نہیں پھاڑتے، صرف کانگریس کے ہی پوسٹر پھاڑتے ہیں۔ جبکہ وہ اپنے ہاتھ میں ایک ڈنڈا لے کر ایک ایم سی ڈی ملازم کی پٹائی بھی کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ کانگریس لیڈر کی باتوں سے لگ رہا ہے کہ شاید معاملہ ہورڈنگس سے متعلق ہے۔ واضح رہے کہ آصف محمد خان 2015 تک اوکھلا سے کانگریس کے رکن اسمبلی تھے، لیکن اس کے بعد اسمبلی انتخابات میں انہیں عام آدمی پارٹی کے امانت اللہ خان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com