ملی کونسل کی اکثر ریاستی شاخوں کے ذریعہ 26؍نومبر کو ” یوم دستور“ منایا گیا

نئی دہلی: 29/ نومبر 2021: آل انڈیا ملی کونسل نے ملک گیر سطح پر اپنی ریاستی شاخوں کو ایک سرکلر بھیج کر 26/ نومبر 2021 کو ”یوم دستور“ کے عنوان پر آن لائن وآف لائن پروگراموں کے انعقاد کی ہدایت کی تھی۔ چنانچہ اکثر ریاستی شاخوں میں پروگراموں کے انعقاد کیے گئے، جن کی رپورٹیں مرکزی دفتر آل انڈیا ملی کونسل کو موصول ہورہی ہیں۔ جنرل سکریٹری آل انڈیا ملی کونسل کے ذریعہ جاری کیے گئے پریس ریلیز میں کہا گیا کہ یوم دستور کی مناسبت سے جگہ بہ جگہ آن لائن / آف لائن پروگرام ہوئے ہیں جن کی رپورٹیں مل رہی ہیں۔ واضح رہے کہ 26/ نومبر 1949 کو مدون کیے گئے دستور ہند کی یاد میں کونسل کی جانب سے مرکزی، ریاستی وضلعی شاخوں کے ذریعہ ’یوم دستور‘ کے عنوان سے پروگرام منعقد کیے جاتے رہے ہیں۔

اس سلسلے میں آل انڈیا ملی کونسل بہار نے ایک ویبینار کا انعقاد کیا، جس میں ملک کے کئی شہروں سے آل انڈیا ملی کونسل کے ذمہ داران نے اس موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک کی ترقی کا راز دستور ہند کے تحفظ میں پنہاں ہے۔ اگر خدا نخواستہ بھارت کے دستور کو پامال کیا گیا اور غیر دستوری طریقے سے ہمارے حکومتی محکموں نے کام کرنا شروع کر دیا نیز اسمبلی اور پارلیمنٹ ایسے قوانین بنانے لگے جو دستور کی روح کے منافی ہیں تو ہمارا ملک اپنا وقار کھو دے گا اور ترقی کا سفر تھم جائے گا۔ قومی نائب صدر آل انڈیا ملی کونسل مولانا انیس الرحمن قاسمی پٹنہ نے کہا کہ دستور ہند کی تمہید، اس کی روح ہے اور اس کے خلاف کسی طرح کی قانون سازی غیر دستوری ہے۔ بدقسمتی سے گزشتہ دو تین سالوں میں پارلیمنٹ سے ایسے بل پاس کیے گئے جو اس تمہید کی روح کے برخلاف اور اس سے متصادم ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان قوانین کے خلاف بھارت کا ہر انصاف پسند شہری سڑکوں پر اتر گیا ہے۔ واضح رہے کہ اس ویبینار سے آل انڈیا ملی کونسل تلنگانہ کے جنرل سکریٹری مفتی عمر عابدین قاسمی مدنی حیدرآباد، آل انڈیا ملی کونسل کے معاون جنرل سکریٹری شیخ نظام الدین شولاپور، ملی کونسل بہار کے نائب صدر مولانا ابوالکلام شمسی، مولانا محمد عالم قاسمی جنرل سکریٹری بہار اور مولانا مفتی محمد نافع عارفی کارگزار جنرل سکریٹری ملی کونسل بہار نے بھی خطاب کیا۔
’یوم آئین‘ (Constitution Day) کے موقع پر آل انڈیا ملی کونسل ضلع مغربی چمپارن کے ذریعہ بھی ’آئین بچاؤ‘ تحریک کے عنوان پر پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلعی ملی کونسل کے صدر مولانا رضوان قاسمی نے کہا کہ کونسل کے بانی قاضی مجاہد الاسلام قاسمیؒ نے اس کارواں کا قیام اس لیے کیا تھا کہ ملک میں بڑھتے ہوئے فسطائیت اور تعصب وعناد کو انھوں نے قریب سے دیکھا اور محسوس کیا تھا اور یہ تنظیم انہی کثیر المقاصد پروگراموں کے تحت سرگرم عمل ہے۔ مدرسہ اسلامیہ بیتیا میں ملی کونسل کی ضلعی تنظیم کی جانب سے بھی جنرل سکریٹری مفتی فیض احمد قاسمی نے حصہ لیا۔ مولانا مفتی نوشاد عالم قاسمی، مہتمم جامعہ صدیقیہ بصرہ مجھولیا کے علاوہ متعدد لوگوں نے خطاب کیا۔ آل انڈیا ملی کونسل سیتامڑھی کے جملہ عہدیداران واراکین نے بھی ’یوم دستور‘ پر پروگرام کا انعقاد کیا۔ ایڈوکیٹ عامر علی، ملی کونسل کے شعبہ قانون کے سکریٹری، ایڈوکیٹ سکندر حیات خان، ایڈوکیٹ مشتاق احمد، معاون جنرل سکریٹری مولانا محمد تنویر احمد شمسی، سابق ایم ایل اے خلیل انصاری اور دفتر اقلیتی محکمہ کے ناظر، مفتی پھول حسن ودیگر بھی ڈمرا، سیتامڑھی کے پروگرام میں شامل ہوئے۔
آل انڈیا ملی کونسل مغربی بنگال کی جانب سے ”یوم دستور“ پر منعقدہ پروگرام میں قومی نائب صدر مولانا قاری فضل الرحمن، جنرل سکریٹری ریاستی کونسل ومرکزی عاملہ کے رکن، حاجی شہود عالم، ناخدا مسجد کولکاتہ کے امام وخطیب اور مجلس عاملہ کے رکن، مولانا شفیق اور رکن کونسل غلام محمد ہگلی نے بھی مذکورہ پروگرام کو آرگنائز کیا۔ آل انڈیا ملی کونسل ضلع سہان پور کی جانب سے جامعہ رحمت گھگھرولی میں بھی پروگرام منعقد کیے گئے، جس میں ضلع صدر، مولانا عبدالمالک مغیثی نے خطاب کیا۔ اس موقع پر مولانا عبداللہ ندوی، مولانا سید علی اور مولانا منصور میوات نے بھی خطاب کیا۔ آل انڈیا ملی کونسل کرناٹکا کی گلبرگہ شاخ نے بھی ’یوم دستور‘ کے پروگرام کا انعقاد کیا، جس میں مرکزی مجلس عاملہ کے رکن اور سکریٹری گلبرگہ، ڈاکٹر محمد اصغر چلبل نے بہت منظم انداز سے پروگرام کرایا، جس میں سید مظہر حسین ایڈوکیٹ، جگناتھ اپاپنچ سالے پٹھادی پتی گرو، پیر زادہ فہیم الدین، عزیزاللہ سرمست، مولانا غوث الدین قاسمی، انور پٹیل، مولانا جاوید عالم قاسمی، سری سبھاش شیلونت ایڈوکیٹ، شری ہمنت یلسنگی ایڈوکیٹ، مولانا محمد ابراہیم، فادر انیل وکمپٹر، شری نیماناتھ جین، شری جگناتھ سوریہ ونشی، شری جسبیر سنگھ چھابرا اور شری مہانتیش کوبلگی ایڈوکیٹ بھی شریک پروگرام ہوئے۔ جلسہ کی نظامت مقبول احمد سگری، ضلعی ملی کونسل کے صدر، مولانا محمد غوث الدین قاسمی اور ضلعی سکریٹری گلبرگہ، مولانا شفیق احمد قاسمی نے سبھی مہمانان کا پرجوش استقبال کیا اور ان کی گلپوشی وشال پوشی کی گئی۔
آل انڈیا ملی کونسل کرناٹک کی جانب سے 26/ نومبر کو ’یوم دستور‘ پر منعقدہ پروگرام میں مولانا شاہ قادری سید مصطفی رفاعی جیلانی ندوی، معاون جنرل سکریٹری امور تنظیمی، مولانا مشائخ مفتی سید باقر ارشد قاسمی، مولانا شیخ اعجاز احمد ندوی، ایڈوکیٹ فائز اللہ خاں اور ڈاکٹر الحاج سبحان شریف، سکریٹری الامین ایجوکیشن سوسائٹی نے حصہ لیا اور مذکورہ عنوان پر پُرمغز خطاب کیے۔ واضح رہے کہ مذکورہ پروگرام، الامین کمبل پوش کنٹر اسکول، شیواجی نگر بنگلور میں منعقد ہوا۔ آل انڈیا ملی کونسل کے تحت کرنول میں بھی پروگرام منعقد ہوئے، جس میں ایڈوکیٹ ایم سُبیّا، بارا ایسوسی ایشن کے صدر، عبدالمعیز خان، مولانا منصور، مولانا اسماعیل، ایڈوکیٹ، اکرم اور حافظ منظور ودیگر اصحاب شامل تھے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com