کسان آندولن کی کامیابی جمہوریت اور عوام کی جیت : ڈاکٹر منظور عالم

نئی دہلی: (پریس ریلیز) کسانوں نے اپنی ہمت اور حوصلہ سے پورے دیش کی عوام کو ایک پیغام دیاہے کہ جمہوری ملک میں احتجاج ہی سب سے بڑی طاقت ہے اور عوام کے ہاتھوں میں سب کچھ ہے ۔ عوام کا فیصلہ ہی اصل ہوتاہے اور عوام کے سامنے سرکار کو جھکنا پڑتا ہے ۔ پرامن احتجاج کے سامنے برطانیہ کو بھی جھکنا پڑا تھا اور بھارت کو آزادی ملی تھی ، آج بھی کسانوں کے پرامن احتجاج کے سامنے بی جے پی حکومت کو جھکنا پڑا ہے اور کسانوں کے تمام مطالبات تسلیم کرلئے گئے ہیں جس کے بعد کسانوں نے 12 دسمبر کو گھر جانے کا اعلان کیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے کیا ۔
انہوں نے مزید کہاکہ کسان آندولن نے پورے دیش کو عوام کو ایک پیغام ہے کہ جمہوریت میں کیسے اپنا حق لیا جاتا ہے ، سرکار کے غلط فیصلوں کے خلاف کس طرح احتجاج کیا جاتا ہے اور یہ کتنا صبر آزما اور مشکلات بھرا کام ہوتا ہے ۔ کامیابی انہیں کو ملتی ہے جو میدان میں ڈٹ کر اور ہمت کے ساتھ مقابلہ کرتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہاکہ سی اے اے اور این آرسی کے خلاف بھی احتجاج اسی طرح طاقتور اور ملک گیر تھا جسے مظاہرین نے کرونا کی وجہ سے ملتوی کردیا اس لئے سرکار کو شاہین باغ احتجاج کے مطالبات پر بھی غور کرنا چاہیے ۔
ڈاکٹر محمد منظور عالم نے میڈیا کو جاری بیانات میں ملک کے پہلے آرمی چیف اسٹاف جنرل بپن روات کے انتقال پر شدید رنج وغم کا اظہار کیا اور اسے دیش کا خسارہ بتایا ، انہوں نے کہاکہ ہیلی کاپٹر کریش کے حادثہ میں جنرل بپن روات کی موت دیش کا بہت بڑا خسارہ ہے کیوں کہ وہ ایک جاں باز اور ملک کے باوقار آرمی چیف تھے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com