نئی دہلی: اتر پردیش سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ہرناتھ سنگھ یادو نے جمعرات کے روز راجیہ سبھا میں اس قانون کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا، جسے 1991 میں 15 اگست 1947 سے پہلے موجود تمام عبادت گاہوں کی حفاظت کے لئے منظور کیا گیا تھا۔ ہرناتھ سنگھ یادو نے کہا کہ یہ قانون ملک کے باشندگان کے ساتھ امتیازی سلوک کرتا ہے اور انہیں متنازعہ عبادت گاہوں سے متعلق معاملوں میں عدالتی کارروائی کرنے پر روک لگاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ”چونکہ بیرونی حملہ آوروں نے مندروں کی نوعیت کو تبدیل کر دیا تھا۔ متھرا میں کرشن جنم بھومی اس کی مثال ہے۔”
خیال رہے کہ قانون کی دفعہ 4 عبادت کے مقامات کے معاملوں میں عدالت کے دائرہ اختیار پر روک لگاتی ہے۔ حزب اختلاف نے اس پر احجاج ظاہر کیا، لیکن نائب چیئرمین نے کہا کہ ایوان کے چیئرمین نے معاملہ کی پہلے ہی اجازت دے دی ہے۔
آر جے ڈی کے رکن پارلیمنٹ منوج کمار جھا نے نظام کا مسئلہ اٹھایا اور کہا کہ ارکان ‘پنڈورا باکس’ کھولنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تاہم چیئرمین نے انکار کر دیا۔ اس کا جواب دیتے ہوئے وزیر ماحولیات بھوپیندر یادو نے کہا کہ رکن کو قواعد پر عمل کرنا چاہیے۔
ہرناتھ سنگھ یادو نے حال ہی میں ایوان کے باہر بھی یہ مسئلہ اٹھایا تھا اور سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو کو چیلنج کیا تھا کہ وہ اسٹیج سے عوامی طور پر یہ کہیں کہ متھرا بھگوان کرشن کی جائے پیدائش ہے اور مسجد غیر قانونی طور پر بنائی گئی تھی!