جامعہ ملیہ اسلامیہ المنائی ایسو سی ایشن ریاض چیپٹر سعودی عرب کے سابق صدر غزال مہدی کے اعزاز میں الوداعی تقریب

نئی دہلی: کل گذشتہ جامعہ ملیہ اسلامیہ المنائی ایسو سی ایشن ریاض چیپٹر سعودی عرب کے فاؤنڈر ممبر و سابق صدر جناب غزال مہدی کے اعزاز میں ریاض کے معروف ریستوران ریڈ چلی ، حارا میں ایسو سی ایشن کی طرف سے ایک الوداعی تقریب منعقد ہوئی۔ پروگرام کا آغاز شبیر احمد ندوی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا جبکہ نظامت کے فرائض محفوظ احمد قاسمی نے انجام دیے ۔ اگرچہ ایسو سی ایشن کے موجودہ صدر جناب انیس الرحمن صاحب کی ایک مختصر نوٹس پر یہ پروگرام منعقد ہوا تھا لیکن ریاض میں موجود جامعہ برادری کی ایک بڑی تعداد نے اس میں شرکت کی۔ کیبینیٹ کمیٹی اور اگزکیوٹیو ممبران کی طرف سے غزال مہدی کو بوکے اور میمینٹو پیش کیا گیا جبکہ ایسو سی ایشن کے صدر انیس الرحمن نے بطور خاص ایک قیمتی کلائی گھڑی بھی پیش کی۔ غزال مہدی گذشتہ تقریباً پچیس سالوں سے سعودی عرب کی دارالحکومت ریاض کے *عرب نیشنل بینک* میں ملازمت کر رہے ہیں اور اب مدت ملازمت پوری کر اپنے وطن ہندوستان واپس لوٹنے کی تیاری میں ہیں ۔ غزال مہدی وہاں موجود ہندوستانیوں کے مابین ایک معروف نام ہے جو ہر طرح کے سماجی اور ملی مسائل میں پیش پیش رہا ہے ۔ آپ جامعہ ملیہ اسلامیہ المنائی ایسو سی ایشن ریاض چیپٹر کے صرف قدیم رکن ہی نہیں بلکہ اس کے فاؤنڈر ممبرز میں سے ہیں۔ 2006ء میں اپنے چند جامعی رفقاء کے ساتھ آپ نے وہاں کے شہر ریاض میں اس کی بنیاد رکھی تھی جو آج ایک مضبوط شکل اختیار کر چکی ہے اس کے علاوہ وہاں کے معروف شہر دمام میں بھی آپ نے ایسو سی ایشن کی ایک برانچ قائم کی ۔
ناظم پروگرام کی دعوت پر میٹنگ میں موجود سامعین سے آپ نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور مستقبل میں اپنے عزائم و منصوبے پر روشنی ڈالی۔ آپ نے بتایا کہ ملک واپسی پر لوگوں کے اندر ہیلتھ کے تئیں بے داری پیدا کرنے کے موضوع پر آپ کام کرینگے۔ حاضرین میں جناب عابد عقیل ، جناب شہاب الدین انڈین ایمبیسی ریاض ، جناب احسان چودھری ، جناب ارشد باری اور محمد ارشد قاسمی وغیرہ کے نام بطور خاص شامل ہیں ۔ اخیر میں ایسو سی ایشن کے نائب صدر اطہر اعظمی نے سامعین کا شکریہ ادا کیا اور پھر لنچ کے بعد پروگرام کا اختتام ہوا۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com