وزیر اعظم مودی کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہائیک ہونے کے بعد دوبارہ بحال، حکومت کا تحقیقات کا حکم

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی کے ذاتی اکاؤنٹ میں نقب زنی کی گئی ہے۔ وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے اتوار کو علی الصبح یہ معلومات دی گئی۔ وزیر اعظم مودی کے ٹوئٹر ہینڈل کو ہیک کر کے اس سے ٹوئٹ کیا گیا، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ ‘ہندوستان نے سرکاری طور پر بٹ کوائن کو قانونی منظور فراہم کر دی ہے۔’ اس شرارت بھرے ٹوئٹ کو فی الحال ہٹا دیا گیا ہے اور وزیر اعظم کے کھاتے کو دوبارہ محفوظ کر لیا گیا ہے۔

معاملہ کے منظور عام پر آنے کے بعد دفتر وزیر اعطم نے اپنے ٹوئٹ میں کہا، ”وزیر اعظم نریندر مودی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے چھیڑ خانی کی تھی۔ اس معاملہ کو ٹوئٹر کے سامنے اٹھایا گیا ہے اور اکاؤنٹ کو فوری طور پر محفوظ کر لیا گیا۔ جس مدت میں اکاؤنٹ سے چھیڑخانی کی گئی اس دوران کئے گئے کسی بھی ٹوئٹ کو نظر انداز کیا جائے۔”

ٹوئٹر پر کئی صارفین نے ٹوئٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کیا ہے۔ وزیر اعظم مودی کے اکاؤنٹ سے کئے گئے ٹوئٹ میں لکھا گیا، ”ہندوستان نے سرکاری طور پر بٹ کوائن کو قانونی منظوری فراہم کر دی ہے۔ حکومت نے سرکاری طور پر بٹ کوائن خریدیں ہیں اور انہیں ملک کے شہریوں میں تقسیم کر رہی ہے۔ ٹوئٹ کے ساتھ ایک اسکیم لنک بھی منسلک کیا گیا تھا۔”

‘آج تک’ کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم مودی کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک ہونے کے بعد اب حکومت ایکشن میں آ گئی ہے۔ اکاؤنٹ کس نے ہیک کیا اس کی جانچ کے لئے حکومت جدید تکنیک کا استعمال کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق سی ای آر ٹی – آئی این (CERT-IN، انڈین کمپیوٹر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم) کو جانچ سونپی گئی ہے اور وہ ہیکنگ کے سورس کا پتا لگانے کی کوشش کر رہی ہے۔ سی ای آر ٹی – آئی این مرکزی حکومت کی ایجنسی ہے جو منسٹری آف الیکٹرانکس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے زیر انتظام کام کرتی ہے۔ اس کا کام سائبر خطروں سے نمٹنا ہے۔ یہ ایجنسی ہندوستانی انٹرنیٹ ڈومین کی حفاظت سے متعلق امور کی ذمہ داری سنبھالتی ہے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com