جامعہ ملیہ اسلامیہ کو NAAC رینکنگ میں A++ درجہ ملنے پر وائس چانسلر اور جامعہ برادری کو دلی مبارکباد، اب جامعہ کو فوراً میڈیکل کالج ملنا چاہیے: پروفیسر اخترالواسع

نئی دہلی: (پریس ریلیز) جامعہ ملیہ اسلامیہ کو قومی ایکریڈیشن اتھارٹی کی طرف سے A++ کا درجہ ملنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے مشہور دانشور اور اسلامی اسکالر پدم شری پروفیسر اخترالواسع نے کہا کہ اپنے قیام کے سو سال پورے ہونے پر ملک کی تمام مرکزی یونیورسٹیوں  میں  پہلا درجہ حاصل کرنے اور NAAC میں A++ کا امتیاز حاصل کرنا تمام جامعہ والوں کے لئے افتخار کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہی کے دن پولیس کی بربریت کا شکار جامعہ اور اس کے طالب علموں کی طرف سے اس سے بہتر کوئی جواب نہیں ہو سکتا تھا۔ انہوں نے اس کامیابی کو جامعہ ملیہ اسلامیہ کے اساتذہ، غیر تدریسی عملے، ریسرچ اسکالر اور طلبہ و طالبات کی انتھک محنت اور علمی و تحقیقی سرگرمیوں کا ثمرہ قرار دیا ہے۔
پروفیسر اخترالواسع نے یہ بھی کہا کہ ہم سب کو اتفاق رائے سے جامعہ کی اولوالعزم، روشن خیال اور ماہر تعلیم وائس چانسلر محترمہ نجمہ اختر کو مبارکباد دینی چاہیے جن کی قیادت میں جامعہ کو دیکھتے ہی دیکھتے یہ امتیازات حاصل ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ وائس چانسلر صاحبہ نے جامعہ کے لئے جس میڈیکل کالج کوقائم کرنے کے عزم و ارادے کا اظہار کیا تھا اب جب کہ اس کی توثیق اور تائید حکومت کی بھیجی ہوئی NAAC کی ٹیم نے بھی اپنی رپورٹ میں کر دی ہے تو مرکزی حکومت کو جامعہ کو ایک میڈیکل کالج قائم کرنے کی فوری طور پر نہ صرف اجازت دینی چاہیے بلکہ اس کے لئے ضروری وسائل بھی فراہم کرنے چاہئیں۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com