دہلی میں ماب لنچنگ، 6 لوگوں نے شبیر کا پیٹ پیٹ کر کیا قتل ، دو گرفتار

راجدھانی دہلی کے ترلوک پوری علاقے میں موب لنچنگ کا واقعہ سامنے آیا ہے جس میں 6 لوگوں نے شبیر نامی شخص کا پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا۔ دہلی پولیس کے افسر نے جمعرات کو بتایا کہ اس معاملے میں دو ملزمین کو گرفتار کر لیا گیا ہے جب کہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔
پولیس افسر کے مطابق منگل کی صبح خبر ملی کہ دہلی کے ترلوک پوری میں سنٹرل پارک کے باہر ایک شخص بیہوش پڑا ہوا ہے۔ موقع پر پہنچی پولیس نے شبیر نام کے شخص کو لال بہادر شاستری اسپتال پہنچایا۔ افسر نے کہا کہ اس کے جسم پر پانچ چوٹیں تھیں اور ڈاکٹر نے اس کی حالت سنگین بتائی جس کے بعد اسے جی ٹی بی اسپتال ریفر کر دیا گیا۔
حالانکہ زخمی شبیر نے 15-14 دسمبر کی درمیانی شب کو دم توڑ دیا۔ ایم ایل سی اور مقامی جانچ کی بنیاد پر تعزیرات ہند کی دفعہ 307 اور 304 کے تحت معاملہ درج کیا گیا اور معاملے کی جانچ شروع کی گئی۔ جانچ کے دوران دہلی کے ترلوک پوری باشندہ ایک ملزم کیشو کو گرفتار کیا گیا۔ پوچھ تاچھ میں ملزم نے پانچ مزید لوگوں کے نام بتائے، جنھوں نے 14 دسمبر کی دیر شب شبیر کے ساتھ مار پیٹ کی تھی۔
ملزم کیشو کو بدھ کو میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا اور دو دن کی پولیس حراست میں بھیج دیا گیا۔ اس درمیان پولیس افسر نے کہا کہ انھوں نے اس معاملے میں مزید ایک شخص کو گرفتار کیا ہے اور دیگر کو پکڑنے کی کوشش جا رہی ہے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com