دہلی: کانگریس کے سابق رکن اسمبلی آصف محمد خان تہاڑ جیل سے رہائی کے بعد پہنچے گھر

نئی دہلی: اوکھلا اسمبلی حلقے کا سابق کانگریسی ایم ایل اے آصف محمد خان تہاڑ جیل سے 18 دن کے بعد رہا ہوگئے۔ انہیں کورٹ نے 20 ہزار روپے زرضمانت جمع کرنے کے بعد رہا کیا ہے۔ ان کے مقدمہ کی پیروی ایڈووکیٹ تنویر، ایڈووکیٹ مذکر زماں خان اور ایڈووکیٹ حماد نے کی جبکہ عبد الوہاب ملک نے ضمانت لی۔ واضح رہے کہ آصف محمد خان کودہلی پولیس نے27 نومبر کی صبح ہورڈنگ ہٹانے کی وجہ سے ایم سی ڈی کے عملہ کی پٹائی اور مرغا بنانے کے الزام میں گرفتار کرکے ساکیت کورٹ میں پیش کیا تھا۔ بعد ازاں کورٹ نے انھیں تہاڑ جیل بھیج دیا تھا۔ ان کی رہائی کے لئے عبد الوہاب ملک، محسن خان یوتھ کانگریس اسٹیٹ جنرل سکریٹری، سلمان محسن نے کا فی محنت کی۔ آصف محمد خان کی رہائی سے پارٹی کارکنان اور دوستوں میں کافی جوش خروش پایا جارہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج صبح سے ہی ان کی رہائش گاہ پر دوستوں اور پارٹی کارکنان کی بھیڑ لگی رہی،جس میں کونسلر شعیب دانش، سابق کونسلر امیر الدین، پرویز عالم خان، ہدات اللہ جینٹل، سید فوز العظیم، صبا اسرار،محمد سلمان اور مومن خان کے علاوہ کثیرتعداد میں کانگریس پارٹی سے وابستہ کارکنا ن کے نام قابل ذکر ہیں۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com