یو پی: لکھنؤ سے مین پوری تک اکھلیش یادو کے قریبی افراد کے ٹھکانے پر انکم ٹیکس کے چھاپے

لکھنؤ: یوپی میں اسمبلی انتخابات کے درمیان انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے سماج وادی پارٹی کے لیڈروں کے ٹھکانوں پر چھاپہ ماری کی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ہفتہ کی صبح کچھ ایسے لیڈروں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے جو ایس پی کے قومی صدر اکھلیش یادو کے قریبی بتائے جاتے ہیں۔
‘آج تک’ کی رپورٹ کے مطابق محکمہ انکم ٹیکس نے لکھنؤ کے جینندر یادو، مین پوری کے منوج یادو اور سماج وادی پارٹی کے ترجمان راجیو رائے کے گھروں پر ہفتہ کی صبح مئو میں چھاپہ مارا۔ اطلاعات کے مطابق انکم ٹیکس حکام پورے اہلکاروں کی پوری فوج کے ساتھ چھاپہ مارنے کے لئے پہنچے ہیں۔
محکمہ انکم ٹیکس کی ٹیم گھر کے کونے کونے کی چھان بین کر رہی ہے۔ جہاں جہاں محکمہ کی ٹیمیں کارروائی کر رہی ہیں، ان گھروں کو سیکورٹی فورسز نے اپنے حصار میں لے رکھا ہے اور کسی کو بھی اندر جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔
محکمہ انکم ٹیکس کی ٹیم چھاپے مارنے کے لئے ہفتہ کی صبح مئو میں سماج وادی پارٹی کے قومی سکریٹری راجیو رائے کے گھر پہنچی۔ جب ٹیم اندر چھان بین کر رہی تھی تو ایس پی کارکنوں نے باہر ہنگامہ کر دیا۔ ہنگامہ آرائی کے پیش نظر بڑی تعداد میں پولیس موقع پر تعینات کر دی گئی ہے۔ خیال رہے کہ چھاپے کے دوران ایس پی کے قومی ترجمان راجیو رائے کو گھر میں نظربند کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب لکھنؤ میں امبیڈکر پارک کے قریب واقع جینندر یادو کی رہائش گاہ پر بھی چھاپہ مارا گیا ہے۔ محکمہ انکم ٹیکس کی ٹیم نے جیننددر یادو کے گھر کی باریکی سے تلاشی لی۔ اس کے علاوہ محکمہ انکم ٹیکس کی ٹیم نے اکھلیش یادو کے قریبی آر سی ایل گروپ کے مالک منوج یادو کے گھر پر بھی چھاپہ مارا ہے۔ اس دوران ٹیم کسی کو گھر کے اندر جانے کی اجازت نہیں دے رہی ہے اور موقع پر بڑی تعداد میں پولیس فورس تعینات ہے۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com