مولانا محمد یوسف اصلاحی کی وفات ایک بڑا دینی وملی خسارہ: ڈاکٹر محمد منظور عالم

نئی دہلی:  ” مولانا محمد یوسف اصلاحی کی وفات سے ہم لوگ ایک بزرگ اور بلند مرتبہ عالم دین سے محروم ہو گئے ہیں۔ وہ ماضی کی متعدد اہم شخصیات کے صحبت یافتہ اور فیض یافتہ تھے۔ اللہ تعالیٰ نے انھیں لمبی عمر عطا فرمائی اور انھوں نے وہ پوری عمر اس کی رضاجوئی کے کاموں کے لیے صرف کر دی۔ رسول کریم ﷺ  کے ارشاد گرامی کے مطابق ہم انھیں ان خوش نصیب افراد کی فہرست میں شامل کر سکتے ہیں، جنھوں نے اللہ کی جانب سے ملی لمبی زندگی کو اس کی رضا کے لیے استعمال کرکے بہترین انسان ہونے کا پروانہ حاصل کیا۔“ ان خیالات کا اظہار انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیز کے چیئرمین ڈاکٹر محمد منظور عالم نے عالمی شہرت یافتہ عالم دین مولانا محمد یوسف اصلاحی کے حادثہ وفات پر کیا۔

ڈاکٹر منظور عالم نے کہا کہ ”مولانا محمد یوسف اصلاحی گزشتہ نصف صدی سے دین وملت کی خدمت میں مصروف تھے۔ ہند وبیرون ہند میں ایک ممتاز شناخت کے حامل تھے۔اللہ تعالیٰ نے انھیں زبان و قلم کی دولت سے نوازا تھا۔ اسی لیے ان کی خطابت بڑی مؤثر اور تحریریں بڑی پُرسوز ہوتی تھیں۔ انھوں نے ان دونوں صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کیا اور ہندستان سے لے کر امریکہ تک اور جاپان سے لے کر عرب ممالک تک عوام وخواص کو متأثر کیا۔ ان کی کتاب آدابِ زندگی نے مقبولیت کا ریکارڈ قائم کیا اور لاکھوں افراد کو اسلامی طرزِ زندگی اختیار کرنے کا درس دیا۔ ان شاء اللہ ان کی تمام تصانیف ان کے لیے ہمیشہ صدقۂ جاریہ کا کام کرتی رہیں گی۔“

انھوں نے مولانا اصلاحی کی تعلیمی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ”مولانا مرحوم نے تعلیمی میدان میں بھی نمایاں خدمات انجام دیں۔ انھوں نے لڑکیوں کے ایک مدرسے کو ملک کا ممتاز ادارہ بنانے میں کلیدی رول ادا کیا۔ اس کے علاوہ ماہ نامہ ذکریٰ کے ذریعے تعمیری صحافت کی شمع روشن کی۔ امید ہے کہ ان کے وابستگان، معتقدین اور اولاد واحفاد ان کے مشن کو لے کر آگے بڑھتے رہیں گے اور ان کے لیے رفع درجات کا ذریعہ ثابت ہوں گے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مولانا کی مغفرت فرمائے، ان کی خدمات کو قبول فرمائے، انھیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے پس ماندگان و وابستگان کو صبرِجمیل کی دولت عطا فرمائے۔“

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com