اپنے مطالبات کو لے کر دہلی میں گیسٹ ٹیچرس ایک بار پھر سڑکوں پر ہیں۔ اس مرتبہ ناراض گیسٹ ٹیچرس نے دہلی کے وزیر تعلیم اور نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کی رہائش کا گھیراؤ کیا ہے۔ دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ کے گھر کے باہر گیسٹ ٹیچرس کا زوردار ہنگامہ دیکھنے کو ملا۔ یہ سبھی مستقل ملازمت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
گیسٹ ٹیچرس کے مطالبہ کی حمایت میں کانگریس بھی سامنے آ گئی ہے۔ دہلی کانگریس صدر انل کمار چودھری مظاہرین گیسٹ ٹیچرس سے ملاقات کرنے کے لیے پہنچ گئے ہیں اور وہ ان کے ساتھ مل کر حکومت کے خلاف نعرے بھی لگاتے ہوئے دیکھے گئے۔
انل چودھری نے نائب وزیر اعلیٰ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ”سسودیا جی آپ نے وعدہ کیا تھا کہ دہلی کے گیسٹ ٹیچرس کو مستقل کریں گے، لیکن ابھی تک کوئی بھی گیسٹ ٹیچر مستقل نہیں ہوا۔” انھوں نے مزید کہا کہ آج 22 ہزار گیسٹ ٹیچرس کو مستقل کرنے کا مطالبہ لے کر آیا ہوں، میں ان ٹیچرس کی حمایت میں کھڑا ہوں، ان کے مطالبات پورے کیے جائیں۔