سماج سدھار ابھیان تحریک میں نتیش کمار کی حمایت میں آئیں مسلم تنظیمیں

بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار سماجی اصلاح کا کام کرنا چاہتے ہیں ۔ اس کے تحت وزیر اعلی سماج سدھار ابھیان کے نام سے مختلف ضلعوں کا دورہ کر رہے ہیں۔

پٹنہ : بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار سماجی اصلاح کا کام کرنا چاہتے ہیں ۔ اس کے تحت وزیر اعلی سماج سدھار ابھیان کے نام سے مختلف ضلعوں کا دورہ کر رہے ہیں۔ مشرقی چمپارن سے اس مہم کی شروعات ہو چکی ہے۔ 15 جنوری تک مجموعی طور پر 12 جگہوں کا وزیر اعلیٰ دورہ کرنے والے ہیں ۔ ایک خاص منصوبہ کے تحت نتیش کمار نے یہ قدم اٹھایا ہے۔ سماج سدھار ابھیان کے ذریعہ شراب کا خاتمہ، جہیز سے پاک معاشرہ اور اطفال شادی جیسے معاشرتی برائیوں کو روکنے کا منصوبہ ہے۔ حالانکہ نتیش کمار کے سماج سدھار ابھیان پر سیاست بھی تیز ہے لیکن مسلم تنظیموں نے اس مہم کی پوری تائید کی ہے۔
امارت شرعیہ بہار کے قائم مقام ناظم مولانا شبلی قاسمی نے نیوز 18 سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نتیش کمار کا یہ کام لائق ستائش ہے۔ ہم نتیش کمار کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے پہلے بھی شراب بندی جیسا قانون بنا کر سماج میں مثال پیش کی ہے ، جس کا فائدہ بہار کے کونے کونے میں دکھائی دے رہا ہے۔ جس گھر میں شراب پینے کے سبب طرح طرح کی برائیاں تھی ، آج ان گھروں کے بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور ان کی مالی حالت بھی ٹھیک ہو رہی ہے۔
مولانا شبلی قاسمی نے کہا کہ ایک شادی کی تقریب میں نتیش کمار سے ملاقات ہوئی تھی۔ امارت نے ان سے جہیز کے خلاف صوبہ میں ایک ماحول بنانے کی گزارش کی تھی۔ وزیر اعلیٰ نے اس کی روشنی میں اپنے سماج سدھار ابھیان کے تحت جہیز کے خلاف باقاعدہ مہم کا آغاز کیا ہے۔ امارت شرعیہ کا کہنا ہے کہ نتیش کمار کے سماج سدھار ابھیان کو تاریخ میں رقم کیا جائے گا۔ مسلم تنظیموں کا کہنا ہے کہ عام طور پر سیاست کی دنیا کے لوگوں کو سماج کی برائیوں سے کوئی مطلب نہیں ہوتا ہے لیکن نتیش کمار جیسا وزیر اعلیٰ بہار کو ملا ہے جو وہ سماج کی خرابیوں کو نہ صرف دور کرنا چاہتے ہیں بلکہ بہار کی ترقی کے لئے بھی دن رات کام کررہے ہیں۔
ادھر ادارہ شرعیہ بہار نے بھی شروع دن سے ہی نتیش کمار کی اس مہم کی حمایت کی ہے۔ ادارہ شرعیہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ نے وہ کام کیا ہے ، جس کو آنے والی نسلیں یاد کرے گی ۔ مسلم تنظیموں کی طرف سے نتیش کمار کی حمایت سے یہ بات صاف ہو گئی ہے کہ مسلمانوں کا ایک بڑا طبقہ نتیش کمار کے ساتھ کھڑا ہے۔ ممکن ہے آنے والے دنوں میں نتیش کمار کی پہنچ مسلم سماج میں اس طرح بن جائے جس طرح کبھی لالو پرساد کی ہوا کرتی تھی ۔
جانکاروں کا کہنا ہے کہ چاروں طرف سے تنقید کے باوجود جس ایشو کو لیکر وزیر اعلیٰ چل رہے ہیں ، اس میں انہیں کامیابی ملے گی ۔ دیہی علاقوں میں نتیش کمار کے اس ابھیان کا کتنا فائدہ ہوگا یہ آنے والا وقت بتائے گا ، لیکن اتنا صاف ہے کہ شراب بندی سے دلت، غریب، ناخواندہ، پچھڑے اور اقلیت سماج کو فائدہ ہوا ہے۔ جانکاروں کا کہنا ہے کہ شراب کا خاتمہ، جہیز جیسی لعنت اور اطفال شادی پر روک لگانے میں نتیش کمار کامیاب ہو گئے تو ایک بڑی بات ہوگی۔ اگر اس مہم سے ان برائیوں کے خلاف ایک ماحول سازی بھی ہو گئی تو وزیر اعلیٰ کی یہ مہم کامیاب مانی جائے گی۔
مسلم تنظیموں کے مطابق سماج میں بیداری لانا اور معاشرتی برائیوں کا خاتمہ کرنا کوئی معمولی بات نہیں ہے۔ وزیر اعلیٰ نے پہل کی ہے تو ہم ان کے ساتھ پوری طرح سے کھڑے ہیں ۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com